
بہاولپور میں غربت اور فاقہ کشی کا دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے، جہاں بھوک اور پیاس کی شدت نے ایک بزرگ خاتون کی جان لے لی۔ اس واقعے نے علاقے بھر میں غم و غصے اور افسوس کی لہر دوڑا دی ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق یہ واقعہ ہفتے کے روز لوہار والی گلی میں پیش آیا۔ اہلِ محلہ کی جانب سے ریسکیو 1122 کو اطلاع دی گئی کہ ایک گھر میں دو بزرگ خواتین کئی دنوں سے نظر نہیں آئیں اور ان کے دروازے پر کوئی دستک کا جواب نہیں دے رہا۔ جب ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچے تو دونوں خواتین بے ہوشی کی حالت میں پڑی تھیں۔ ان میں سے ایک خاتون موقع پر ہی دم توڑ چکی تھی، جبکہ دوسری کو فوری طور پر بہاولپور کے وکٹوریہ ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بیوی کو ڈپریشن جیسے مرض سے محفوظ رکھنے کا طریقہ دریافت
بچ جانے والی خاتون نے ہوش میں آنے کے بعد بتایا کہ وہ اور ان کی بہن کئی روز سے فاقہ کشی کی حالت میں تھیں، ان کے پاس کھانے پینے کا کچھ بھی نہیں تھا۔ وہ دونوں بہنیں غیرشادی شدہ تھیں اور اکیلی رہتی تھیں۔ محلے داروں کا کہنا ہے کہ دونوں خواتین کافی عرصے سے مالی مشکلات کا شکار تھیں، لیکن اپنی خودداری کی وجہ سے کسی کے آگے ہاتھ نہیں پھیلایا۔ کبھی کبھار محلے والے کھانے پینے کی اشیاء دے دیتے تھے، لیکن پچھلے کچھ دنوں سے کسی نے ان کے گھر کا دروازہ نہیں کھٹکھٹایا۔
اس افسوسناک واقعے نے مقامی آبادی کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔ سوشل میڈیا پر بھی اس واقعے پر شدید ردعمل دیکھنے میں آ رہا ہے، جہاں صارفین حکومت اور سماجی اداروں کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں کہ کس طرح ایک اسلامی ریاست میں غربت کی وجہ سے کوئی خاتون بھوک سے مر جائے۔ کئی صارفین نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت کو بزرگ شہریوں کے لیے ہنگامی ریلیف اور فلاحی اقدامات کا فوری نفاذ کرنا چاہیے۔