پنجاب: 2 تا 5 جون مختلف اضلاع میں گرد آلود ہواؤں اور بارش کی پیشگوئی
 پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے 2 سے 5 جون کے دوران پنجاب کے مختلف اضلاع میں تیز آندھی، گرد آلود ہواؤں اور بارش کی پیشگوئی کردی۔
فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے 2 سے 5 جون کے دوران پنجاب کے مختلف اضلاع میں تیز آندھی، گرد آلود ہواؤں اور بارش کی پیشگوئی کردی۔

پی ڈی ایم اے پنجاب نے صوبے کے مختلف اضلاع میں آندھی، جھکڑ اور بارشوں کا الرٹ جاری کردیا۔

ترجمان پی ڈی ایم کے مطابق 2 سے 5 جون کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں تیز آندھی، گرد آلود ہواؤں اور بارش کا امکان ہے، پنجاب کے مختلف اضلاع راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، منڈی بہاؤالدین، گجرات، جہلم اور گوجرانوالہ میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

پی ڈی ایم اے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ 2 سے 4 جون تک لاہور، قصور، سیالکوٹ، نارووال، اوکاڑہ، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، خوشاب، سرگودھا اور میانوالی میں بارشوں کا امکان ہے جبکہ جنوبی پنجاب کے اضلاع ملتان، ڈیرہ غازی خان بہاولپور اور بہاولنگر میں بھی بادل برسیں گے۔

ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ بارشوں کے سلسلے سے گرمی اور ہیٹ ویو کی شدت میں کمی واقع ہو گی، ممکنہ بارشوں کی وجہ سے عید الاضحی کے ایام میں گرمی کی شدت میں کمی آئے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ بارشوں کے پیش نظر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت کے مطابق ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے، محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، لوکل گورنمنٹ اور لایئو سٹاک کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔

عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ شہریوں سے التماس ہے خراب موسم کی صورتحال میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں، آندھی و طوفان کی صورتحال میں محفوظ مقامات پر رہیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں، شہری آسمانی بجلی سے تحفظ کیلئے محفوظ مقامات پر رہیں، عوام الناس بجلی کی گرج چمک اور طوفانی صورتحال میں کھلے آسمان تلے ہرگز نہ جائیں۔

دوسری جانب پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوا نے بھی بیشتر اضلاع میں بدھ سے گرج چمک اور آندھی کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کردی، خیبرپختونخوا میں بارش کا سلسلہ جمعرات تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔

پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوا کے مطابق 2 سے 5 جون کے دوران چترال، دیر و دیگر اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے جبکہ 3 سے 4 جون کے دوران بھی مختلف اضلاع میں وقفے وقفے سے بادل برسیں گے، عید کے دوران دیر،سوات، چترال، کوہستان ،مانسہرہ میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

علاوہ ازیں ہری پور، پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ، چارسدہ، باجوڑ، مہمند، خیبر اورکزئی، کرم، کوہاٹ، بنوں، کرک اور وزیرستان میں بارش کا امکان ہے۔