حکومت کا عوام کو انرجی سیور پنکھے آسان اقساط پر دینے پر غور
 وفاقی حکومت نے توانائی بچانے والے 70 فیصد سیلنگ فین صارفین کو آسان ماہانہ اقساط پر فراہم کی تیاری شروع کردی جن کی ادائیگی براہ راست بجلی کے بل میں شامل کی جائے گی۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی حکومت نے توانائی بچانے والے 70 فیصد سیلنگ فین صارفین کو آسان ماہانہ اقساط پر فراہم کی تیاری شروع کردی جن کی ادائیگی براہ راست بجلی کے بل میں شامل کی جائے گی۔

وزارتِ توانائی کے مطابق اس اقدام کا مقصد ملک میں بجلی کے استعمال اور ماہانہ بلوں میں کمی لانا ہے، یہ پنکھے روایتی پنکھوں کے مقابلے میں آدھی سے بھی کم بجلی استعمال کرتے ہیں۔

توانائی کی بچت کرنے والے یہ پنکھے صرف 45 سے 55 واٹ بجلی خرچ کرتے ہیں، جبکہ عام پنکھے 80 سے 130 واٹ تک بجلی کھاتے ہیں، ایک گھر جہاں چار ایسے پنکھے استعمال ہوں، وہاں ہر ماہ 70 سے 80 یونٹ بجلی کی بچت ممکن ہو گی جس سے بجلی کے ماہانہ بل میں 15 فیصد تک کمی آ سکتی ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ وزیرِاعظم شہباز شریف کی جانب سے پہلے سے اعلان کردہ فی یونٹ 7.41 روپے کی سبسڈی بھی جاری رکھی جائے گی، وزارتِ توانائی نے تمام وفاقی اداروں اور صوبائی حکومتوں کو ہدایت دی ہے کہ سرکاری عمارات میں توانائی مؤثر بلڈنگ کوڈز پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام نہ صرف صارفین کو مالی ریلیف دے گا بلکہ ملک کو درپیش توانائی بحران سے نمٹنے میں بھی مددگار ثابت ہو گا۔