بھارتی سپانسرڈ پراکسی وار اب کسی سے ڈھکی چھپی نہیں رہی: فیلڈ ماشل عاصم منیر
 فیلڈ مارشل و آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ بھارتی سپانسرڈ پراکسی وار اب کسی سے ڈھکی چھپی نہیں رہی۔
فائل فوٹو
کوئٹہ: (سنو نیوز) فیلڈ مارشل و آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ بھارتی سپانسرڈ پراکسی وار اب کسی سے ڈھکی چھپی نہیں رہی۔

کوئٹہ میں قبائلی عمائدین سے گفتگو کرتے ہوئے فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کا کہنا تھا کہ یہ ہمارے عوام، ہماری ترقی اور ہمارے امن پر چھیڑی جانے والی دہشت گردی کی کھلی مذموم کارروائی ہے،ہمارے پاس بلوچستان میں سرگرم دہشت گرد نیٹ ورکس کے پیچھے بھارت کے ہاتھ ہونے کے ٹھوس شواہد موجود ہیں۔

آرمی چیف نے کہا کہ دشمن کی یہ مذموم کوششیں قوم کے ساتھ مل کر ناکام بنائیں گے، غیر ملکی یا ملکی، بہادر بلوچ عوام ہر اس دشمن کا مقابلہ کریں گے اور اسے کچل دیں گے جو ہماری خودمختاری کو چیلنج کرنے کی کوشش کرے گا۔

جنرل سید عاصم منیر کا کہنا تھا کہ پاک فوج کسی بھی خطرے کا فیصلہ کن جواب دینے کے لیے پوری طرح الرٹ اور تیار ہے،بلوچستان میں امن پر کوئی سمجھوتہ نہیں، پاکستان کا مستقبل براہ راست ایک مستحکم، خوشحال بلوچستان سے وابستہ ہے۔

دورے کےد وران وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے بلوچستان میں کام کرنے والی سکیورٹی فورسز کی بہادری اور لچک کو بھی سراہا، وزیر اعظم نے شہداء کے اہل خانہ کو مکمل تعاون اور حمایت کا یقین دلایا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردوں، ان کے معاونین اور سہولت کاروں کو بخشا نہیں جائے گا، جو لوگ ورغلائے گئے جو بھٹک گئے ان کو واپس لانے کیلئے ہم سب کو مل کر بہترین کاوشیں کرنی چاہئیں۔

اعلامیہ کے مطابق جرگہ قبائلی عمائدین کی طرف سے حکومت پاکستان اور مسلح افواج کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہونے کے متفقہ عہد کے ساتھ اختتام پذیر ہوا، جرگے نے بلوچستان کی سلامتی، استحکام اور ترقی کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔