
ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق پی آئی اے کی کراچی سے لاہور جانے والی پرواز پی کے 304سے پرندہ ٹکرا گیا ، لاہو رایئرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران طیارے سے پرندہ ٹکرایا، ایئربس طیارے میں 120 سے زائد مسافر سوار تھے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ پائلٹ نے طیارے کی بحفاظت لینڈنگ کو یقینی بنایا جس کے بعد انسپیکشن کی گئی تو پرندہ ٹکرانے کے شواہد ملے، پی آئی اے کے طیارے کا رجسٹریشن نمبر AP-BLB ہے، طیارے کو پرندہ ٹکرانے سے کافی نقصان ہوا ہے۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق پی آئی اے کی انجینئرنگ ٹیم نے طیارے کی بورواسکوپک انسپیکشن سے نقصان کا اندازہ لگایا ہے، مینٹی ننس پر پی آئی اے کو لاکھوں روپے خرچ کرنا پڑیں گے۔
ذرائع کا مزید بتانا ہے کہ طیارے سے پرندہ ٹکرانے کا واقعہ کل شام 6 بجے پیش آیا تھا تاہم 20 گھنٹے کے دوران طیارے کو دوبارہ پرواز کے قابل بنالیا گیا ہے۔
ہوابازی کے ماہرین کا کہنا ہے کہ علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے اطراف میں بے ہنگم آبادی، شادی ہالز اور کھانے پینے کے مراکز پرندوں کی تعداد میں اضافے کا سبب بن رہے ہیں جو طیاروں کے لیے خطرے کی علامت ہے، حالیہ برسوں دوران طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
ماہرین کے مطابق طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے واقعات میں ایئرلائنز کو شدید مالی نقصان اٹھانا پڑتا ہے، لہٰذا اس مسئلے کے مستقل حل کے لیے سنجیدہ اقدامات ناگزیر ہیں۔