ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو ’ہیرو‘ نہیں کہا جا سکتا،رانا ثناء اللہ
Rana Sanaullah and Dr Abdul Qadeer Khan
فائل فوٹو
اسلام آباد:(ویب ڈیسک) وزیرِاعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان سے متعلق ایسا بیان دے دیا جو سوشل اور سیاسی حلقوں میں بحث کا موضوع بن گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایک نجی ٹی وی چینل  کو دیے گئے انٹرویو میں رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو ہیرو نہیں کہا جا سکتا، البتہ ان کی حیثیت ایک قابلِ احترام سائنسدان کی ضرور ہے۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ڈاکٹر قدیر خان کو وہی عزت ملنی چاہیے جو ایک سائنسدان کو ملتی ہے، لیکن اصل ہیرو وہ ہوتا ہے جو مشکل فیصلے کرتا ہے، اور پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے کا اصل کریڈٹ صرف سابق وزیرِاعظم نواز شریف کو جاتا ہے۔

انہوں نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کے کئی ممالک اور سائنسدان ایٹمی بم بنا چکے ہیں، اصل کارنامہ یہ ہے کہ کوئی ملک حوصلہ کرے اور ایٹمی دھماکوں کا اعلان کر کے عالمی سطح پر اپنی طاقت ظاہر کرے۔

رانا ثناء اللہ نے سابق وزیرِاعظم ذوالفقار علی بھٹو کو پاکستان کے ایٹمی پروگرام کا بانی قرار دیتے ہوئے کہا کہ 28 مئی 1998 کو چاغی، بلوچستان میں ہونے والے ایٹمی دھماکے وہ تاریخی لمحہ تھا جس نے پاکستان کو ایک مسلم ایٹمی طاقت کے طور پر دنیا کے سامنے پیش کیا۔

یہ بھی پڑھیں:خیبرپختونخوا حکومت کیخلاف جے یو آئی کا احتجاجی مہم کا اعلان

انہوں نے ان الزامات کو بھی رد کر دیا کہ نواز شریف ایٹمی دھماکوں کے حق میں نہیں تھے۔ انہوں نے کہا کہ یہ الزام صرف حسد اور نفرت پر مبنی ہے، نواز شریف نے جرات مندی سے فیصلہ کیا اور پاکستان کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنایا۔

واضح رہے کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان، جنہوں نے 1976 میں خان ریسرچ لیبارٹریز (KRL) کی بنیاد رکھی، پاکستان کے خفیہ ایٹمی پروگرام کے روحِ رواں رہے، ان کی خدمات پر انہیں نشانِ امتیاز سے بھی نوازا گیا۔

وہ 2021 میں 85 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ ان کی نمازِ جنازہ فیصل مسجد میں ادا کی گئی اور انہیں ایچ-8 قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا۔

رانا ثناء اللہ کے اس بیان پر مختلف سیاسی و عوامی حلقوں سے شدید ردعمل سامنے آ رہا ہے، سوشل میڈیا پر صارفین کی بڑی تعداد نے ڈاکٹر قدیر کو قومی ہیرو قرار دیتے ہوئے مشیر کے بیان کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔