
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق 27 مئی سے 31 مئی کے دوران پیش آنے والے مختلف حادثات میں 10 قیمتی جانیں ضائع ہو گئیں، جبکہ 30 افراد زخمی ہوئے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 5 مرد، 3 خواتین اور 2 بچے شامل ہیں۔ زخمیوں کی تعداد 30 ہے جن میں 13 مرد، 10 خواتین اور 7 بچے شامل ہیں۔
واضھ رہے کہ یہ حادثات صوبے کے مختلف اضلاع مردان، صوابی، پشاور، شانگلہ، دیر لوئر، سوات، تور غر، باجوڑ، مہمند، مانسہرہ اور ہری پور میں پیش آئے جہاں تیز آندھی اور موسلا دھار بارش کے باعث مکانات کی چھتیں اور دیواریں گرنے کے واقعات رونما ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق بارش سے مجموعی طور پر 34 گھروں کو نقصان پہنچا ہے، جن میں سے 32 مکانات جزوی جبکہ 2 مکمل طور پر منہدم ہو چکے ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں، اور ضلعی انتظامیہ کو فوری طور پر متاثرہ خاندانوں کو امداد فراہم کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:سعودی عرب: 5 پاکستانی عازمین حج انتقال کرگئے
پی ڈی ایم اے کے مطابق وہ تمام ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122، محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ متاثرین کو بروقت امداد، رہائش اور طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ آئندہ چند روز میں مزید ممکنہ بارشوں اور آندھی کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر مقامی ریسکیو حکام سے رابطہ کریں۔
موسمیاتی ماہرین کے مطابق خیبرپختونخوا میں آئندہ چند دنوں تک بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔