یکم جون کو پیٹرول بم یا ریلیف کا دن؟
Petroleum Prices June 1
فائل فوٹو
اسلام آباد:(ویب ڈیسک) مہنگائی سے پریشان عوام کی نظریں اب یکم جون پر جمی ہوئی ہیں، جب حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کرے گی۔

شہریوں کی جانب سے سوال کیا جارہا ہے کہ کیا حکومت بجٹ سے قبل مہنگائی کا ایک اور بم گرانے جا رہی ہے یا عوام کو کچھ ریلیف ملے گا؟

میڈیا ذرائع کے مطابق وزارت توانائی اور دیگر متعلقہ ادارے عالمی منڈی کے رجحانات اور ملکی مالیاتی دباؤ کو مدنظر رکھتے ہوئے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں معمولی کمی پر غور کر رہے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 60 پیسے فی لیٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 28 پیسے فی لیٹر تک کی کمی ممکن ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پمپس پر پیٹرول چوری کیخلاف حکومت کا انقلابی قدم

دوسری جانب مٹی کا تیل اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمتوں میں معمولی اضافے کا امکان بھی موجود ہے، تاہم حتمی فیصلہ وزارت خزانہ اور وزیراعظم کی مشاورت سے کیا جائے گا۔ وزارت خزانہ قیمتوں کو موجودہ سطح پر برقرار رکھنے کے آپشن پر بھی سنجیدگی سے غور کر رہی ہے، تاکہ کسی بڑے مالی جھٹکے سے بچا جا سکے۔

ذہن نشین رہے کہ اوگرا کی جانب سے ہر 15 دن بعد پیٹرولیم نرخوں پر نظرثانی کی جاتی ہے، جس میں بین الاقوامی منڈی کے اعداد و شمار اور ملکی مالیاتی پالیسیوں کو مدِنظر رکھا جاتا ہے۔

اگرچہ مجوزہ کمی معمولی ہے، مگر موجودہ مہنگائی کے تناظر میں عوام کیلئے معمولی ریلیف کا باعث بنے گی۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ حکومت عوام کو ریلیف دیتی ہے یا بجٹ سے پہلے مزید بوجھ ان کے کندھوں پر ڈالتی ہے۔ حتمی فیصلہ یکم جون کو سامنے آ جائے گا۔