خیبر پختونخوا : سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 7 خارجی ہلاک، 4 جوان شہید
خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز نے 2 مختلف کارروائیوں میں 7 خارجی دہشتگردوں کو جہنم واصل کردیا جبکہ لیفٹیننٹ سمیت 4 جوان شہید ہوگئے۔
فوٹو بشکریہ آئی ایس پی آر
راولپنڈی: (سنو نیوز) خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز نے 2 مختلف کارروائیوں میں 7 خارجی دہشتگردوں کو جہنم واصل کردیا جبکہ لیفٹیننٹ سمیت 4 جوان شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے شوال میں 28 اور 29 مئی کی رات خوارجی دہشتگردوں نے سکیورٹی چیک پوسٹ پر حملہ کیا جسے پاک فوج نے بروقت اور بھرپور جوابی کارروائی سے ناکام بنا دیا۔

ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ کارروائی کے دوران 6 خوارجی دہشتگردوں کو جہنم واصل کردیا گیا جبکہ شرپسندوں کے ساتھ شدید فائرنگ کے تبادلے میں لیفٹیننٹ دانیال اسماعیل سمیت 4 جوانوں نے وطن پر جان قربان کرکے شہادت کا عظیم رتبہ حاصل کیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق لیفٹیننٹ دانیال اسماعیل شہید کا تعلق ضلع مردان سے ہے ،لیفٹیننٹ دانیال اسماعیل شہید کی عمر 23سال ہے ،لیفٹیننٹ دانیال اسماعیل شہید نے 7ماہ قبل پاک فوج میں شمولیت اختیار کی ۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق شہید لیفٹیننٹ کے والدپاکستان ائیر فورس میں سول ڈرائیور ہیں، لیفٹیننٹ دانیال اسماعیل شہید کے سوگواران میں والد اور بھائی شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے بتایا کہ 41سالہ نائب صوبیدار کاشف رضا شہید کا تعلق ضلع چکوال سے ہے ، نائب صوبیدار کاشف رضا شہید نے 21 سال تک دفاع وطن کا مقد س فریضہ سر انجام دیا انہوں نے سوگواران میں اہلیہ ، ایک بیٹی اور 2 بیٹوں کو چھوڑا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق 35 سالہ لانس نائیک فیاقت علی شہید کا تعلق ضلع ہری پور سے ہے،لانس نائیک فیاقت علی شہید نے 15 سال پاک فوج میں خدمات سرانجام دیں، ان کے سوگواران میں اہلیہ ایک بیٹی اور 3 بیٹے شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 26 سالہ سپاہی محمد حمید شہید کا تعلق ضلع ایبٹ آباد سے ہے ،سپاہی محمد حمید شہید نے6 سال دفاع وطن کا فریضہ سرانجام دیا،سپاہی محمد حمید شہید کے سوگواران میں والدہ شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق چترال میں دوسری کارروائی میں ایک بھارتی سپانسرڈ خارجی مارا گیا۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ علاقے میں پائے جانے والے کسی بھی دوسرے خوارج کو ختم کرنے کے لئے سینی ٹائزیشن آپریشن کیا جارہا ہے، سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لئے پرعزم ہیں، ہمارے بہادر سپاہیوں کی قربانیاں ہمارے اس عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔