
ڈسٹرکٹ بٹگرام کے علاقے جٹیال میں نوجوان ہاشم علی کو 19 جون 2024 کو بے دردی سے قتل کر دیا گیا، سٹی تھانہ بٹگرام میں مقدمہ درج کیا گیا، تاہم مقتول کے اہلخانہ تاحال انصاف سے محروم ہیں۔
قتل کے چند روز بعد ملزم عامر ولد گل خان کو گرفتار کیا گیا جبکہ دوسرا ملزم جمشید تا حال مفرور ہے۔
مقتول کے بھائی عبدالقیوم کا کہنا ہے کہ ایف آئی آر میں با اثر افراد کی ایما پر رد و بدل کیا گیا ہے، انہیں مسلسل دھمکیاں دی جا رہی ہیں کہ مقدمہ واپس لیں، ورنہ قتل کر دیا جائے گا۔
عبدالقیوم کا مزید کہنا ہے ہم خوفزدہ ہیں، ہماری نیندیں حرام ہو چکی ہیں، انصاف کی امید دم توڑ رہی ہے، ہماری اعلیٰ حکام سے گزارش ہے کہ ہمیں انصاف فراہم کیا جائے۔
اہل خانہ نے وزیر اعلیٰ کے پی کے علی امین گنڈاپور، آئی جی خیبرپختونخوا، ڈی آئی جی ہزارہ، ڈی پی او بٹگرام اور ایس ایس پی انویسٹی گیشن سے اپیل کی ہے کہ فوری انصاف فراہم کیا جائے اور مفرور ملزم کو گرفتار کیا جائے۔