سیدو میڈیکل کالج سوات میں خضدار بس حملے کی مذمت کیلئے سیمینار و یکجہتی واک
سیدو میڈیکل کالج سوات میں سنٹر آف ایکسیلنس خیبرپختونخوا کے زیر اہتمام اے پی ایس خضدار بس حملے کی مذمت اور قومی یکجہتی کے فروغ کے لیےسیمینار اور یکجہتی واک کا انعقاد کیا گیا۔
فوٹو سکرین گریب
سوات: (سنو نیوز) سیدو میڈیکل کالج سوات میں سنٹر آف ایکسیلنس خیبرپختونخوا کے زیر اہتمام اے پی ایس خضدار بس حملے کی مذمت اور قومی یکجہتی کے فروغ کے لیےسیمینار اور یکجہتی واک کا انعقاد کیا گیا۔

سنٹر آف ایکسیلنس خیبرپختونخوا کے زیر اہتمام سیدو میڈیکل کالج سوات کے تعاون سے ایک سیمینار اور یکجہتی واک کا انعقاد کیا گیا تاکہ اے پی ایس خضدار کے طلبہ پر ہونے والے سفاک دہشت گرد حملے کی مذمت کی جا سکے۔

اس سیمینار اور واک کا مقصد قومی اتحاد، سماجی ذمہ داری اور انتشار پھیلانے والی قوتوں کے خلاف اجتماعی عزم کا اظہار تھا۔

سیمینار اور واک میں موجود طلبہ و اساتذہ نے اے پی ایس پشاور سے لے کر خضدار تک پیش آنے والے المیوں پر اظہار خیال کیا اور اس بات پر زور دیا کہ تعلیمی ادارے ایک متحد اور باہمت قوم کی تعمیر میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل سنٹر فار کاؤنٹرنگ وائلنٹ ایکسٹریمزم (CVE) نے خطاب کرتے ہوئے انتہا پسند نظریات کے خلاف تعلیم، آگاہی اور نوجوانوں کی شمولیت کے ذریعے مؤثر جدوجہد کے عزم کا اعادہ کیا۔

بعد ازاں منعقدہ یکجہتی واک میں طلبہ نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر "خضدار کے شہید طلبہ کو انصاف دو ، خاموشی غداری ہے"، "ہم اے پی ایس ہیں، ہم خضدار ہیں ، ہم ابھریں گے"، "نہ بھولیں گے، نہ معاف کریں گے" جیسے نعرے درج تھے۔

پلے کارڈز پر درج یہ نعرے نوجوانوں کے جذبے، شعور اور دہشت گردی، فتنۂ ہندستان اور فتنۂ خوارج کے خلاف ان کے پختہ عزم کی عکاسی کر رہے تھے۔

سیمینار اور امن واک میں موجود سیدو میڈیکل کالج کے طلبہ نے امن، اتحاد اور پاکستان کی سالمیت کے دفاع کے لیے پرعزم رہنے کا عہد بھی کیا۔