بھارت جان لے پاکستان کشمیر کو کبھی نہیں چھوڑے گا: فیلڈ مارشل
 فیلڈ مارشل و چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ ہندوستان جان لے پاکستان کشمیر کو کبھی نہیں چھوڑے گا۔
فائل فوٹو
راولپنڈی: (سنو نیوز) فیلڈ مارشل و چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ ہندوستان جان لے پاکستان کشمیر کو کبھی نہیں چھوڑے گا۔

 پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر نے آرمی آڈیٹوریم میں ’’ہلال ٹاکس‘‘ کے شرکاء سے بات چیت کی۔

 آئی ایس پی آر کے مطابق" ہلال ٹاکس " مختلف بین الاقوامی، علاقائی اور قومی مسائل پر انٹرایکٹو سیشنز اور گروپ ڈسکشنز پر محیط ہے ،ہلال ٹاکس کا مقصد پاکستان کی اکیڈمک کمیونٹی کے اراکین کے درمیان نقطہ نظر کے اشتراک کے لیے ایک فورم کے طور پر کام کرنا ہے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق ہلال ٹاکس میں تعلیمی برادری کے تقریباً 1800 اراکین کو اکٹھا کیا گیا ہے ، ہلال ٹاکس میں وائس چانسلرز، ڈیپارٹمنٹ سربراہان، سینئر فیکلٹی ممبران، پرنسپلز اور پاکستان بھر کے اداروں کے طلباء شامل تھے، جن میں سے اکثریت نے ورچوئل بات چیت میں حصہ لیا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے جنوبی اضلاع سے شرکاء نے بھرپور نمائندگی کی۔

آرمی چیف نے تعلیمی اداروں کو ہم آہنگی، استحکام، امن اور ترقی کے قومی بیانیے کو فروغ دینے میں فعال کردار ادا کرنے کی ترغیب دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے تعلیمی اداروں کو پاکستان کی ترقی کے لیے تنقیدی سوچ، استدلال اور نامیاتی اختراعی حل کے مراکز کے طور پر کام کرنا چاہیے، تعلیمی ادارے قومی ہم آہنگی، ترقی اور استحکام کے مراکز بنیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے علمی معیشت کی ضرورت اور تنقیدی سوچ کی اہمیت پر زور دیا اور تحقیق میں درپیش چیلنجز کے حل کیلئے پاک فوج نے حکومتی اقدامات پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا، آرمی چیف نے فوج کی جانب سے تعلیمی ماحول کی بہتری اور تحقیق کے فروغ کیلئے تعاون کا اعادہ کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کا کہنا تھا کہ اساتذہ کرام پاکستان کا سب سے بڑا سرمایہ ہیں، میں آج جو کچھ بھی ہوں ، اپنے والدین اور اساتذہ کرام کی وجہ سے ہوں، پاکستان کی اگلی نسلوں کی کردار سازی اساتذہ کرام کی ذمہ داری ہے۔

آرمی چیف نے کہا کہ آپ(اساتذہ) نے پاکستان کی کہانی اپنی اگلی نسلوں کو بتانی ہے، معرکہ حق میں اللہ تعالیٰ نے ہر طرح سے پاکستان کی مدد کی، معرکہ حق اس بات کا ثبوت ہے کہ جب پوری قوم ایک آہنی دیوار بن جائے تو دنیا کی کوئی طاقت اُسے گرا نہیں سکتی۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کہنا تھا کہ کشمیر کا کوئی بھی سوداممکن نہیں ، ہم کبھی بھی کشمیر کو نہیں بھول سکتے، ہندوستان جان لے پاکستان کشمیر کو کبھی نہیں چھوڑے گا ، پانی پاکستان کی ریڈ لائن ہے اور24 کروڑ پاکستانیوں کے اس بنیادی حق پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔

چیف آف آرمی سٹاف نے کہا کہ پاکستان، ہندوستان کی اجارہ داری کبھی قبول نہیں کرے گا ، ہندوستان نے کئی دہائیوں سے کشمیر کے مسئلے کو دبانے کی کوشش کی مگر وہ ناکام ہو چکا ہے، اب یہ ممکن نہیں رہا۔

جنرل سید عاصم منیر کا کہنا تھا کہ دہشت گردی ہندوستان کا اندرونی مسئلہ ہے جس کی بنیادی وجہ اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں پر بڑھتا ہوا ظلم اور تعصب پسندی ہے جبکہ کشمیر ایک عالمی سطح کا مسئلہ ہے،بلوچستان میں دہشت گرد فتنہ الہندوستان ہیں، ان کا بلوچوں سے کوئی تعلق نہیں۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ ہم نے پاکستان کو ایسی مضبوط ریاست بنانا ہے جس میں تمام ادارے قانون کے مطابق ، آئین کے تحت، بغیر کسی سیاسی دباؤ، مالی اور ذاتی فائدے کے ، عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کام کریں، جو کوئی بھی ریاست کو کمزور بنانے کا بیانیہ بنانے کی کوشش کرے اُس کی نفی کریں۔

اس موقع پر موجود شرکاء نے کہا کہ یہ جو محفوظ دھرتی ہے ، اس کے پیچھے وردی ہے ،ہمیں پاکستان اور اپنی مسلح افواج پر فخر ہے اور ہم ان کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔