190 ملین پاؤنڈز کیس: عمران، بشریٰ کی ضمانت منسوخی کی درخواستیں مقرر
 اسلام آباد ہائیکورٹ نے 190 ملین پاؤنڈز کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی درخواستیں سماعت کیلئے مقرر کردیں۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آباد ہائیکورٹ نے 190 ملین پاؤنڈز کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی درخواستیں سماعت کیلئے مقرر کردیں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے 5 جون کو کیس سماعت کے لیے مقرر کیا ہے، قائم مقام چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس سردار سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل دو رکنی بنچ سزا معطلی کی درخواستوں پر سماعت کرے گا۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کی لیڈرشپ نے 190 ملین پاؤنڈز کیس کو جلد سماعت کے لیے مقرر کرنے کی استدعا کی تھی۔

خیال رہے کہ عدالت عالیہ نے15 مئی کو 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی سزا معطل کرنے کیلئے دائر درخواستوں پر فریقین کو نوٹس جاری کیے تھے۔

گزشتہ ہفتے قائم مقام چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس سردار سرفراز ڈوگر نے کیس منگل کو سماعت کے لیے مقرر کرنے کی ہدایت کی تھی تاہم اب عمران خان اور بشریٰ بی بی کی 190 ملین پاؤنڈز کیس میں سزا معطلی کی درخواستیں 5 جون بروز جمعرات کو سماعت کیلئے مقرر کی گئی ہیں۔

یاد ر رہے کہ 190 ملین پاؤنڈز کو القادر ٹرسٹ کیس کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔

اس کیس میں عمران خان اور ان کی اہلیہ پر الزام ہے کہ دونوں نے پی ٹی آئی کے دور حکومت میں برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی (این سی اے) کی جانب سے حکومتِ پاکستان کو بھیجے گئے 50 ارب روپے کو قانونی حیثیت دینے کے عوض نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے مالک سے اربوں روپے اور سیکڑوں کنال مالیت کی اراضی حاصل کی۔

اس کیس میں احتساب عدالت کی جانب سے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو 14 سال جب کہ ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو 7 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔