بجلی کے نرخوں میں تبدیلی؟ چیئرمین نیپرا نے بتا دیا
NEPRA electricity rates
فائل فوٹو
لاہور:(ویب ڈیسک) نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کے چیئرمین محمد ادریس نے کہا ہے کہ فی الحال بجلی کے نرخ میں کسی قسم کی کمی یا اضافہ متوقع نہیں، موجودہ ٹیرف برقرار رہنے کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ یہ بیان قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پاور کے اجلاس میں سامنے آیا، جس کی صدارت چیئرمین کمیٹی محمد ادریس نے کی۔ اجلاس میں بجلی کے نرخ، مختلف ڈسٹری بیوشن کمپنیوں (ڈسکوز) کی کارکردگی اور توانائی کے شعبے میں مستقبل کی منصوبہ بندی پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی رانا محمد حیات نے استفسار کیا کہ آیا آئندہ مالی سال میں بجلی ٹیرف میں کوئی کمی کی جا رہی ہے یا نہیں؟ انہوں نے شکایت کی کہ صنعتی شعبے کو تو 30 فیصد تک ریلیف فراہم کیا گیا ہے لیکن زرعی شعبہ مکمل طور پر نظر انداز کر دیا گیا ہے۔

چیئرمین نیپرا نے جواب دیتے ہوئے واضح کیا کہ فی الحال بجلی کا ریٹ موجودہ سطح پر برقرار رہنے کا امکان ہے۔

اس موقع پر سیکرٹری پاور ڈویژن نے کمیٹی کو بتایا کہ صنعتی شعبے کو جو ریلیف دیا گیا ہے وہ کراس سبسڈی ختم کرنے کی پالیسی کے تحت ممکن ہوا۔

انہوں نے مزید کہا کہ توانائی کے شعبے کو مستحکم بنانے کیلئے ایک جامع منصوبہ بندی پر کام کیا جا رہا ہے جس میں تمام شعبوں کو مدنظر رکھا جائے گا۔

اجلاس کے دوران کمیٹی نے ڈسکوز کی ناقص کارکردگی پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور ان اداروں کی بہتری کیلئے جلد اصلاحاتی اقدامات کا مطالبہ کیا۔

دوسری جانب بجلی صارفین کی نظر اب نیپرا کی آئندہ پالیسی اور حکومت کی توانائی پالیسی پر مرکوز ہے، جو آنے والے دنوں میں عام شہری کی زندگی پر براہ راست اثر انداز ہو سکتی ہے۔