
ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی صاحبزادی ڈاکٹر دینا خان نے یہ بات لاہور میں یومِ تکبیر کے موقع پر انسٹیٹیوٹ آف انجینئرز پاکستان میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب کے دوران کہی، جس کا مقصد محسنِ پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی خدمات کو سراہنا تھا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج جو ہم آزادی کی سانس لے رہے ہیں، وہ صرف اور صرف ڈاکٹر عبدالقدیر خان اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کی بدولت ممکن ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں ’’یوم تکبیر‘‘ قومی جذبے سے منایا جا رہا ہے
انہوں نے مزید کہا کہ میرے والد نے نہ صرف پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا بلکہ انہوں نے ہمیشہ انسانیت، ملک اور قوم کے لیے سوچا۔ ان کے مطابق ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی شخصیت صرف ایک سائنسدان کی نہیں تھی بلکہ وہ ایک سچے محب وطن اور انسان دوست شخصیت بھی تھے۔
تقریب کے شرکاء میں شامل سینئر انجینئرز اور اُن کے پرانے رفقاء نے بھی ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی یاد تازہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ واقعی وقت کے ولی تھے۔ ان کا جذبہ، اخلاص اور وطن سے محبت بے مثال تھی۔ ڈاکٹر دینا خان نے مزید کہا کہ ان کے والد نے سادہ زندگی گزاری، شہرت یا دولت کو کبھی ترجیح نہیں دی۔ ان کی سب سے بڑی خواہش یہ تھی کہ پاکستان خود کفیل ہو اور دنیا میں عزت کے ساتھ کھڑا ہو۔
تقریب میں شریک دیگر مقررین نے بھی ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن یعنی یومِ تکبیر، دراصل اُن عظیم قربانیوں اور محنتوں کی یاد ہے جو ڈاکٹر عبدالقدیر خان اور ان کی ٹیم نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے کے لیے دی تھیں۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوان نسل کو ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی زندگی سے سبق لینا چاہیے، اور وطن کی خدمت کو اپنا مشن بنانا چاہیے۔