سوات یونیورسٹی میں خضدار بس حملے کی مذمت کیلئے سیمینار و یکجہتی واک
 یونیورسٹی آف سوات میں سماجی ہم آہنگی، قومی یکجہتی کے فروغ اور اے پی ایس خضدار بس حملے کی مذمت کے لیے سیمینار اور یکجہتی واک کا انعقاد کیا گیا۔
سوات یونیورسٹی (فائل فوٹو)
سوات: (سنو نیوز) یونیورسٹی آف سوات میں سماجی ہم آہنگی، قومی یکجہتی کے فروغ اور اے پی ایس خضدار بس حملے کی مذمت کے لیے سیمینار اور یکجہتی واک کا انعقاد کیا گیا۔

خیبر پختونخوا سینٹر آف ایکسی لینس نے یونیورسٹی آف سوات کے اشتراک سے ایک روزہ سیمینار اور یکجہتی واک کا انعقاد کیا جس کا مقصد سماجی ہم آہنگی، قومی یکجہتی کو فروغ دینا اور اے پی ایس خضدار بس حملے کی شدید مذمت کرنا تھا۔

اس موقع پر طلباء، اساتذہ، محققین اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے سیمینار میں خصوصی شرکت کی اور امن، رواداری اور قومی یکجہتی کے فروغ میں تعلیمی اداروں کے کردار پر اظہارِ خیال کیا۔

مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ تعلیمی اداروں کی اخلاقی ذمہ داری ہے کہ وہ مکالمے کو فروغ دیں، انتہاپسند نظریات کا مقابلہ کریں اور معاشرے میں ہم آہنگی و اتحاد پیدا کریں۔

سیمینار کا اختتام ایک پرامن واک کے ساتھ ہوا، جس کے ذریعے اے پی ایس خضدار بس حملے کے شہداء سے اظہارِ یکجہتی کیا گیا، شرکاء نے دہشت گردی اور اس کے سرپرستوں کی شدید مذمت کی اور “فتنہ الخوارج” اور “فتنۂ الہندوستان” کے خلاف فیصلہ کن اقدامات کا مطالبہ کیا۔

انہوں نے قیامِ امن کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے ریاست پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ ملک دشمن عناصر کے خلاف سخت کارروائی کرے کیونکہ قومی اتحاد اور ہم آہنگی ایک خوشحال مستقبل کی ضمانت ہیں۔