
چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں ماہرین فلکیات، سپارکو، محکمہ موسمیات سمیت دیگر محکموں کے نمائندگان شریک ہوئے جبکہ زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس صوبائی ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہوئے۔
اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ ملک بھر سے کہیں چاند کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوا، لہذا یکم ذی الحج 29 مئی بروز جمعرات جبکہ عید الاضحٰی 7 جون بروز ہو ہفتہ کو ہو گی۔
قبل ازیں صوبائی دارالحکومت لاہور میں زونل رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ہوا جس کی صدارت خطیب داتا دربار مسجد مولانا رمضان سیالوی نے کی۔
اجلاس میں مولانا مختار احمد ندیم ، مولانا مفتی محمد اسحاق ساقی، مفتی محمد احمد، مفتی عمران حنفی، مولانا ارشد نیاز، مولانا مسعود الرحمن اور مولانا محمد شفیق نے شرکت کی جبکہ محکمہ موسمیات اور محکمہ اوقاف کے افسران بھی اجلاس میں شریک تھے۔
زونل ہلال کمیٹی کے مطابق لاہور میں ذوالحجہ کا چاند نظر نہیں آیا، یکم ذوالحجہ جمعرات 29 مئی کو جبکہ عیدالاضحیٰ بروز ہفتہ 07 جون 2025 ء کو ہو گی۔
دوسری جانب کوئٹہ میں چیئرمین زونل رویت ہلال کمیٹی مولانا انوارلحق حقانی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے کسی علاقے سے ذوالحجہ کاچاند نظر آنے کی شہادتیں موصول نہیں ہوئیں، بلوچستان میں 1446 ذوالحجہ کا چاند نظر نہیں آیا۔
ادھر پشاور میں بھی ذی الحج کا چاند دیکھنے کی لیے زونل رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ہوا، زونل رویت ہلال کمیٹی کے رکن پروفیسر عبدالغفور نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ پشاور میں کوشش کی کہ چاند دیکھیں لیکن بادلوں کی وجہ سے چاند نظر نہیں آیا، موسم ابرالود ہے جس کے باعث چاند نظر آنے کے امکانات کم ہیں۔
کراچی میں بھی زونل رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ہوا جس کی صدارت علامہ حافظ سلفی نے کی، تاہم کراچی میں بھی ذی الحج کے چاند کی کوئی شہادت موصول نہ ہوا۔
زونل ہلال کمیٹی کے مطابق سندھ بھر سے کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی، موسم کہیں آلود اور کہیں جزوی ابر آلود تھا، چاند کی عمر بھی کم تھی ، چاند کی رویت نہیں ہوئی۔