‏ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر جرمانے میں 10 گنا اضافے کا فیصلہ
 پنجاب حکومت نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر جرمانوں میں 10 گنا اضافے کا فیصلہ کرلیا۔
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب حکومت نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر جرمانوں میں 10 گنا اضافے کا فیصلہ کرلیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں ٹریفک قوانین کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔

اجلاس میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر جرمانہ 10 گنا تک بڑھانے کا اصولی فیصلہ کرلیا گیا، کم عمر بچوں کی ڈرائیونگ پر والد کو ذمہ دارقرار دیا جائے گا اور مقدمہ بھی درج ہوگا، گاڑی سے باہرخطرناک انداز سے لٹکتے سریا وغیرہ پر گاڑی بند کردی جائے گی۔

دوران اجلاس فیصلہ کیا گیا کہ ون ویلنگ یا خطرناک طرز ڈرائیونگ پر مقدمہ درج ہوگا، خراب یا بند ہیڈ لائٹسں کے ساتھ ڈرائیونگ پر سخت کارروائی ہوگی، دوران ڈرائیونگ موبائل کے استعمال پر بھاری جرمانہ عائد کرنے اور بڑے روڈز کے اطراف میں سامان سے لدی ٹرالیاں کھڑی کرنے پر پابندی لگانے پر اتفاق ہوا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے بیدیاں اور دیگر شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی میں حائل رکاوٹیں فوری دور کرنے اور ٹریفک جام کی پیشگی نشاندھی کے لئے روڈ سائیڈ ڈیجیٹل سکرین لگانے کا حکم بھی دیا اور ٹریفک چالان کے ساتھ ویڈیو اور تصویری ثبوت منسلک کرنے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں پنجاب کے 372 اور لاہور کے 77 پوائنٹس کی ری ماڈلنگ پر بھی غور کیا گیا، ٹریفک پولیس کی یونیفارم تبدیل کرنے کی تجویز کا بھی جائزہ لیا گیا جبکہ ٹریفک پولیس کی پانچ کیٹیگریز بنانے کا اصولی فیصلہ ہوا، انفورسمنٹ آفیسر، ٹریفک ریگولیٹر، ایجوکیشن لائسنسنگ اور پبلک سروس آفیسر کی کیٹیگری بنائی جائے گی۔