
ذرائع کے مطابق بھارتی میڈیا نے نام نہادآپریشن سندور کے دوران مودی کے جھوٹ پر مبنی خبریں اور گمراہ کن مواد پھیلایا، گودی میڈیا نے علاقائی استحکام کو نقصان پہنچا کر عالمی سطح پر اپنی ساکھ کو مزید کمزور کر دیا، این ڈی ٹی وی، نیوز 18 اور دیگر کئی گودی میڈیا چینلز نے جھوٹا بیانیہ بنانے کی کوشش کی۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ بھارتی چینلز نے جھوٹا دعویٰ کرتے ہوئے پاکستان کے ایف 16 اور دو F-17 طیارے مار گرائے اور پاکستانی پائلٹ کو بھی گرفتار کیا، یہ سرخیاں پرائم ٹائم میں چلیں اور سٹوڈیوز میں موضوع بحث بنی رہیں تاہم بین الاقوامی میڈیا بشمول رائٹرز سمیت، فیکٹ چیک اداروں نے بھارتی میڈیا کے دعوؤں کو جھوٹا ثابت کر دیا۔
ذرائع نے بتایا کہ بھارتی میڈیا کی جانب سے جھوٹا پراپیگنڈا کر کے ڈیپ فیک ویڈیوز بھی بنائی گئیں، ڈیپ فیک ویڈیوز میں یہ تاثر دیا گیا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر طیاروں اور پاکستان کے نقصانات سے متعلق آگاہی دے رہے ہیں، یہ وڈیوز سراسر جھوٹ پر مبنی تھیں جس کو بین الاقوامی میڈیا نےفیکٹ چیک کر کے مودی کے جھوٹ کا پردہ فاش کیا۔
ایک سنسنی خیز افواہ یہ بھی اڑائی گئی کہ پاکستان کے جوہری ذخائر پر میزائل حملہ کیا گیا مگر یہ افواہ بھی تھوڑی دیر بعد دم توڑ گئی، بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی نے مودی کے جھوٹے بیانیے کو زمین بوس کرتے ہوئے گودی میڈیا کی خبروں کو جھوٹا قرار دےدیا۔
بھارتی بحریہ نے کراچی بندرگاہ کو تباہ کرنے کا بھی ڈرامہ کیا مگر نہ اسکی سیٹلائٹ تصویر فراہم کی نہ کوئی بین الاقوامی تصدیق کی یا ثبوت پیش کیا، بھارتی میڈیا کی جانب سے شور مچایا گیا جو صرف قوم پرستی کو ہوا دینے کے لیے پیدا کیا گیا۔
سیاسی ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارتی میڈیا نے اپنی حکومت کو انٹیلی جنس کی سنگین ناکامی اور حفاظتی خامیوں پر جواب دہ ٹھہرانے کی بجائے جھوٹ کا ساتھ دیا، بھارت کی جانب سے پہلگام واقعے کو ریاستی پراپیگنڈا بنا کر پیش کیا گیا اور گودی میڈیا نے عوام کو بدلےکے مطالبے پر اکسایا۔
دفاعی ماہرین نے کہا کہ بھارتی جنگی جنون کے جواب میں پاکستان نے پیشہ وارانہ سنجیدگی اور حکمت کے ساتھ جواب دیا، پاکستان کے صاف شفاف تحقیقات کے مطالبے کو بھی مودی کی جانب سے مسترد کیا گیا، پاکستان نے محض حقائق پر زور دیا جس کی قیادت آئی ایس پی آر نے کی۔
ماہرین کا کہنا تھا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر، پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کے سینئر حکام کے ساتھ بروقت تفصیلی پریس بریفنگ دیتے رہے، پریس بریفنگ میں ریڈار لاگز، سیٹلائٹ تصاویر، پروازوں کا ڈیٹا اور جسمانی شواہد بھی پیش کیے گئے۔
سیاسی ماہرین نے کہا کہ پاکستان نے تحمل کا مظاہرہ کیا جبکہ اپنی تیاری سے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا، بھارتی جھوٹے دعوؤں کو آئی ایس پی آر نے ٹھوس شواہد سے مسترد کیا۔
ذرائع کے مطابق آئی ایس پی آر نے بین الاقوامی میڈیا کو مبینہ حملے کی جگہوں تک رسائی بھی دی، پہلگام واقعے کے بعد آئی ایس پی آر کی بریفنگ واضح پیغام تھا کہ جنگ مسلط کی گئی تو بھرپور دفاع کریں گے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا تھا کہ اگر کوئی خلاف ورزی ہوئی یا پاکستان پہ جارحیت کی گئی تو ہمارا رد عمل یقینی فوری اور تباہ کن ہوگا۔
دفاعی ماہرین کے مطابق پاکستان نے صرف اپنی عوام نہیں بلکہ عالمی برادری کو بھی ٹھوس ثبوت پیش کئے، پاکستان کا بین الاقوامی مبصرین کو خوش آمدید کہنا اور تیسرے فریق سے تحقیقات کی دعوت دینا ایک سنجیدہ اور ذمہ دار قدم ہے۔
ماہرین نے کہا کہ آج کے ہائبرڈ وار فیئر کے دور میں فیک نیوز ایک ہتھیار بن چکی ہیں ، جھوٹے نظریاتی بیانیے اصل حقائق کو مسخ کر سکتے ہیں اور فیصلے دھندلے کر سکتے ہیں جو بھارت نے کیا، بھارت نے جعلی جھوٹی خبروں اور اشتعال انگیزی سے تنازع کو بھڑکانے کی ناکام کوشش جاری رکھی۔
دفاعی ماہرین کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان نے بہترین حکمتِ عملی اور پیشہ ورانہ انداز میں سچائی کو اجاگر کیا، بین الاقوامی مبصرین نے پاکستان کے معلوماتی نظم و ضبط اور ذمہ دارانہ موقف کی تعریف کی۔