اسلام آباد : سکیورٹی نظام مضبوط بنانے کیلئے جدید کیمروں کی تنصیب کا فیصلہ
Islamabad AI cameras
فائیل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سکیورٹی نظام کو مزید مضبوط بنانے کیلئے جدید اے آئی کیمروں کی تنصیب کا فیصلہ کرلیا گیا ۔
اسلام آباد میں جرائم کی روک تھام اور شہریوں کے تحفظ کو مزید بہتر بنانے کے لیے سیف سٹی پراجیکٹ کے تحت 3,200 نئے آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) کیمرے لگائے جا رہے ہیں، اس منصوبے کی لاگت 17.4 ارب روپے رکھی گئی  جس کا پی سی ون جمع کرا دیا گیا ہے۔
 
ڈی جی سیف سٹی اسلام آباد  شاکر حسین داوڑ نے ایک میڈیا کانفرنس میں بتایا کہ اس وقت شہر میں 2 ہزار 758 کیمرے نصب ہیں  جن میں سے 700 کیمرے اے آئی کی سہولت سے آراستہ ہیں، نئے کیمرے چہرہ شناسی، گاڑیوں کی نمبر پلیٹ کی پہچان اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر نظر رکھ سکیں گے۔
 
حکام کے مطابق نئے جدید  کیمروں کی مدد سے شہر میں داخل ہونے والے ہر فرد کا ڈیجیٹل ریکارڈ تیار کیا جائے گا  جس سے سکیورٹی کے عمل کو بہت زیادہ بہتر بنایا جا سکے گا، اس منصوبے کے تحت سات ہائی پاورڈ سرورز بھی شامل کیے جا رہے ہیں تاکہ نئے اور پرانے کیمروں کی کارکردگی میں اضافہ ہو سکے۔
 
 سیف سٹی اتھارٹی حکام نے بتایا کہ  مزید 14 سرورز کی تنصیب کا بھی منصوبہ  زیر غور ہے تاکہ پرانے کیمرے بھی اے آئی کی سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔
 

ڈی جی شاکر داوڑ نے بتایا کہ اے آئی نگرانی کی مدد سے اب تک 77 جرائم پیشہ گروہوں کی شناخت ہو چکی ہے جن میں سے  32 کو گرفتار بھی کیا جا چکا ہے، جلد ہی چھتوں پر نصب جدید کیمرے گاڑیوں کے اندر موجود افراد کی واضح تصاویر بھی لینے کے قابل ہوں گے۔