
اس حوالے سے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے ڈائریکٹر جنرل عرفان علی کاٹھیا نے انرجی ڈیپارٹمنٹ، لوکل گورنمنٹ ڈیپارٹمنٹ اور صوبے بھر کے تمام کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز کو باقاعدہ مراسلہ جاری کردیا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق حالیہ آندھی اور طوفانی ہواؤں کے دوران تقریباً 70 فیصد حادثات کی وجہ غیر محفوظ طریقے سے نصب کیے گئے سولر پینلز اور ان کے ڈھانچے بنے۔
انہوں نے کہا کہ بیشتر واقعات میں چھتوں یا کھلے مقامات پر بغیر حفاظتی اقدامات نصب شدہ سولر پینلز تیز ہواؤں کے باعث اکھڑ کر گرے جس سے نہ صرف مالی نقصان ہوا بلکہ قیمتی انسانی جانوں کو بھی خطرات لاحق ہوئے۔
عرفان علی کاٹھیا نے واضح ہدایت کی ہے کہ آئندہ صوبہ بھر میں صرف معیاری اور سرٹیفائیڈ سولر پینلز نصب کیے جائیں، اس ضمن میں انہوں نے متعلقہ اداروں کو پہلے سے نصب شدہ تمام سولر سسٹمز کا فوری تفصیلی جائزہ لینے کی بھی تاکید کی ہے تاکہ ان کی درستگی، حفاظت اور معیارات کے حوالے سے فوری اقدامات کیے جاسکیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم کی جانب سے جاری مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ متعلقہ محکمے سولر پینلز کی تنصیب اور مرمت کے حوالے سے واضح اور قابل عمل اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز) تیار کریں جن پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری اس ہدایت نامے کا بنیادی مقصد صوبے میں توانائی کے محفوظ اور پائیدار ذرائع کی حوصلہ افزائی کرنا اور کسی بھی ممکنہ نقصان سے شہریوں کو محفوظ رکھنا ہے۔