بیرسٹر گوہر کا عید سے قبل عمران خان کی رہائی کا دعویٰ
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہرعلی خان نے دعویٰ کیا ہے کہ امید ہے بانی پی ٹی آئی عمران خان عید سے پہلے رہا ہو جائیں گے۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہرعلی خان نے دعویٰ کیا ہے کہ امید ہے بانی پی ٹی آئی عمران خان عید سے پہلے رہا ہو جائیں گے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم عمران خان کی رہائی کیلئے کارکنوں کا سوال اٹھانا جائز ہے، پارٹی قیادت کو ورکرز کے جذبات کی قدر ہے، یہ تصور کرنا بھی ہمارے لیے بہت مشکل ہے عمران خان نے دو سال کا عرصہ جیل میں گزارا۔

بیرسٹر گوہر نے مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ورکرز اپنے جذبات قابو میں رکھیں، بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کیلئے ہم ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔

پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ ہم نے دھرنے دیئے اور احتجاج بھی ریکارڈ کرائے ، ہم اسمبلی فلور پر بھی بانی کی رہائی کی بات کر رہے ہیں، عمران خان کہتے ہیں ہم اللہ کی عبادت کرتے ہیں اور اسی سے مدد مانگتے ہیں، اللہ ہی راستہ نکالے گا۔

بیرسٹر گوہر کا مزید کہنا تھا کہ مجھے پوری امید ہے بانی پی ٹی آئی عید سے پہلے رہا ہوں گے، امید ہے جلد کیس فکس ہو جائے گا، گزشتہ دو سالوں سے ہمارے لوگ برداشت کرتے کرتے تھک گئے، ججز بھی فیصلہ لکھتے لکھتے تھک گئے ہیں، ہماری پوری کوشش ہے بانی پی ٹی آئی کے کیسز جلد لگیں اور میرٹ پر فیصلے ہوں۔