توشہ خانہ کیس: عمران خان اور بشریٰ بی بی کیخلاف سماعت پیر کو ہو گی
بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ کیس کی سماعت کل اڈیالہ جیل میں ہو گی۔
فائل فوٹو
راولپنڈی:(ویب ڈیسک) بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ کیس کی سماعت کل بروز پیر اڈیالہ جیل میں ہو گی۔

ذرائع کے مطابق ایف آئی اے جج شاہ رخ ارجمند کل صبح 10 بجے اڈیالہ جیل میں قائم عدالت میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف کیس کی سماعت کریں گے۔

اڈیالہ جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو عدالت کے روبرو پیش کیا جائے گا جبکہ ان کے وکلاء کی ٹیم بھی کیس کی سماعت کے سلسلے میں اڈیالہ جیل آئے گی۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ پراسیکیوشن کل ملزمان کے خلاف مزید گواہ پیش کرے گی، گواہوں میں وزارت خارجہ کے ایک متعلقہ افسر بھی عدالت میں اپنا بیان ریکارڈ کرائیں گے۔

یاد رہے کہ یہ کیس سب سے پہلے 2022 میں منظرعام پر آیا جب الیکشن کمیشن آف پاکستان (ECP) نے عمران خان پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے اپنے وزارتِ عظمیٰ کے دور میں توشہ خانہ سے قیمتی تحائف حاصل کیے، بیچے اور ان کی مکمل تفصیل گوشواروں میں ظاہر نہیں کی۔

اس کے نتیجے میں اکتوبر 2022 میں عمران خان کو نااہل قرار دیا گیا جس کے بعد یہ معاملہ نیب کو بھیجا گیا، تحقیقات کے دوران بشریٰ بی بی کا نام بھی شامل ہوا اور ان پر تحائف رکھنے، بیچنے کا الزام ہے۔

توشہ خانہ سے متعلق ایک الگ مقدمے میں عمران خان کو اگست 2023 میں 3 سال قید کی سزا بھی سنائی گئی تھی تاہم اس فیصلے کو بعد ازاں اسلام آباد ہائیکورٹ نے معطل کر دیا تھا۔

موجودہ کیس توشہ خانہ کا دوسرا اور نسبتاً زیادہ پیچیدہ پہلو ہے، جس میں غیرملکی مہنگی گھڑیوں، قلم اور قیمتی اشیاء کی فروخت اور ان کے مالی فوائد چھپانے کے الزامات شامل ہیں۔

تجزیہ کاروں کے مطابق یہ مقدمہ عمران خان کے سیاسی مستقبل کے لیے ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے اور اگر عدالت سے سزا آتی ہے تو ان کی انتخابی اہلیت اور جماعت کی ساکھ پر منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔