بھارت نے دوبارہ حملے کی حماقت کی تو ہمارا جواب زیادہ شدید ہو گا: ڈی جی آئی ایس پی آر
 ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ بھارت نے اگر پاکستان پر دوبارہ حملے کی حماقت کی تو ہمارا جواب پہلے سے بھی زیادہ شدید ہو گا۔
فوٹو بشکریہ آئی ایس پی آر
راولپنڈی: (سنو نیوز) ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ بھارت نے اگر پاکستان پر دوبارہ حملے کی حماقت کی تو ہمارا جواب پہلے سے بھی زیادہ شدید ہو گا۔

خیبر پختونخوا کی مختلف جامعات کے 2500سے زیادہ طلبہ کی ڈی جی آئی ایس پی آر کے ساتھ خصوصی نشست ہوئی، ⁠ہر طرف سبز ہلالی پرچموں کی بہار، ملی نغموں کی گونج اور "پاکستان ہمیشہ زندہ باد" کے فلک شگاف نعروں نے ماحول کو گرما دیا۔

پختون طلبہ نے دشمن کو واضح پیغام دیا کہ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کو عبرت کا نشان بنا دیا جائے گا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری کا کہنا تھا کہ بھارت کا خیال تھا ہم حملہ کریں گے اورپاکستان جواب نہیں دےگا لیکن آپ نے دیکھا کہ آپ سب کس طرح اپنے ملک کے پیچھے کھڑے ہوئے، پورا پاکستان کھڑا ہوا، اللہ کے کرم سے یہ آہنی دیوار کھڑی ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ وہ تمام حکمت عملی جو ہندوستان اور مودی نے بنائی تھی، ہم نے اس کو ایک ایک کرکے غلط ثابت کیا، یہ قوم اور فوج ہمیشہ سے متحد تھی اور متحدہ رہے گی۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر نے فیصلہ کیا کہ بھارت کے 26 مقامات پر ان کوجواب دوں گا، مظفرآباد میں بھارتی شیلنگ سے7سال کا بچہ ارتضیٰ شہید ہوا ، جس بریگیڈ ہیڈکوارٹر کی شیلنگ سے ارتضیٰ شہید ہوا ہم نے اسے تباہ کیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ 6 اور7 مئی کو جن ہوائی اڈوں سے بھارتی طیارے اڑے ان کو تباہ کیا، کیا آپ کی فوج نے کسی ایک سویلین انفرااسٹرکچر،کسی ایک سول آبادی کو نشانہ بنایا؟ نہیں، ہم امن پسند ہیں، امن کو ترجیح دیتے ہیں، ہمارا پہلا انتخاب امن ہے۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ اگر بھارت نے دوبارہ حملے کی حماقت کی تو ہماراجواب اس سے بھی شدید ہو گا، اس خطے اور پاکستان میں ہونے والی دہشتگردی کے پیچھے بھارت کا مکروہ چہرہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ جو مساجد کو شہید کرتے ہیں، لوگوں کو ذبح کرتے ہیں ان کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں، ان کا خیبر پختونخوا اور پختونوں کی روایات سےکوئی تعلق نہیں، یہ دہشت گرد ہندوستان کے پیروکار ہیں۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری کا کہنا تھا کہ خارجی نور ولی کہتا ہےکہ شریعت میں اجازت ہےکہ آپ کافر سے مددلے سکتے ہیں، اسلام میں کفر اور حق آپس میں اکٹھے نہیں ہو سکتے، یہ اس ہندوستان سے مدد مانگتے ہیں جہاں کشمیر کی بچیوں کی عزت کو پامال کیا جاتا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ افغانستان ہمارا برادر پڑوسی اسلامی ملک ہے، پختون افغانی آپ کا بھائی ہے، مسئلہ ان کی اشرافیہ ہے، بھارت افغانستان کی اشرافیہ کو پیسہ دیتا اور خریدتا ہے، بھارت افغانستان کو پاکستان کے خلاف استعمال کرتا ہے، افغان بھائیوں سے کہتے ہیں دہشت گردوں کو اپنے ملک میں جگہ نہ دو اور بھارت کے آلہ کار نہ بنو۔

ترجمان پاک فوج کا مزید کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کے غیور اور بہادر عوام اور قبائل سے کہتا ہوں کہ آج دوبارہ وقت آگیا ہے، کشمیر بنے گا پاکستان۔