کوٹ ادو کا 'مودی چائے والا' جہاں نفرت نہیں مٹھاس ملتی ہے
 کوٹ ادو کے قدیمی بازار میں موجود ایک چھوٹا سا چائے خانہ جس کا نام تو
فائل فوٹو
کوٹ ادو: (تحریر: کاشف ندیم) کوٹ ادو کے قدیمی بازار میں موجود ایک چھوٹا سا چائے خانہ جس کا نام تو مودی چائے والا ہے، مگر اس کے مزاج میں بھارتی مودی کے برعکس صرف محبت جھلکتی ہے۔

کوٹ ادو میں یہ جگہ نہ صرف چائے کے شوقین افراد کی جنت ہے بلکہ ایک سماجی بیٹھک، ایک روایت اور ایک ثقافتی علامت بھی ہے۔

جب بات چائے کی ہو تو جنوبی ایشیا کے ذائقے اور روایات خودبخود ذہن میں آ جاتے ہیں، پاکستان کی ہر گلی، ہر محلہ اور ہر کوچہ چائے کی محبت میں بھیگا ہوا ہے اور انہی ذائقوں میں ایک منفرد نام "مودی چائے والا، کوٹ ادو" کا ہے۔

یہ صرف چائے کا ایک ڈھابہ نہیں بلکہ ایک سماجی مرکز، ایک روزمرہ کی بیٹھک اور شہر کا ثقافتی سنگم بن چکا ہے، کوٹ ادو کے قدیمی بازار میں واقع یہ چائے خانہ روزانہ سیکڑوں لوگوں کو صرف چائے نہیں پلاتا بلکہ ان کے دن کا آغاز ایک مانوس ذائقے، پرخلوص گفتگو اور مل بیٹھنے کے ماحول سے کراتا ہے۔

یہاں سرکاری افسر ہو یا مزدور، سبھی ایک ہی بنچ پر بیٹھے چائے کے گھونٹ کے ساتھ زندگی کی تلخیاں بانٹتے نظر آتے ہیں، دکان دار اپنی بنچ کی تھکن، کلرک اپنے دفتر کی بوریت اور طالبعلم اپنی فکروں کو اسی چائے کے دھوئیں میں تحلیل کرتے ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اس چائے خانے کا نام "مودی" ہے، جی ہاں، وہی مودی جسے بھارت میں کئی لوگ طاقت، سیاست اور تنازع کی علامت سمجھتے ہیں مگر پاکستان کا یہ مودی سیاست سے کوسوں دور صرف محبت بانٹنے میں مصروف ہے۔

ایک طرف دنیا بھارتی مودی کے دہشتگردانہ بیانیے سے واقف ہے تو دوسری طرف پاکستان کا مودی چائے محبت کے بیانیے کو ایک کپ چائے میں ڈھال رہا ہے۔

کوٹ ادو کے مودی چائے والا کے ڈھابے پر آئے ایک چائے نوش نے کہا کہ ایک بھارت کا مودی ہے جو نفرتیں پھیلا رہا ہے اور ایک پاکستانی مودی ہے جو محبت اور چاہت بھری چائے پلا رہا ہے، یہ چائے نہیں، دن کا پہلا سکون ہے۔

کوٹ ادو کے مودی چائے والا کا مٹھاس بھر ا لہجہ یہ سبق دیتا ہے کہ سیاست تقسیم کر سکتی ہے، لیکن ذائقہ دلوں کو جوڑتا ہے، چائے کے ایک کپ میں اگر خلوص، سادگی اور محبت ہو تو وہ کسی بھی طاقت سے بڑی ہو جاتی ہے۔

یہاں کی چائے ایک فلسفہ ہے، یہ جگہ ایک جذبہ ہے، اور یہ پاکستان کا یہ مودی امن کا نمائندہ ہے، جب بھارتی مودی کے نام پر خطہ ایشیا تقسیم کا شکار ہے تب کوٹ ادو کا مودی لوگوں کو چائے کے ہر کپ میں مٹھاس کے ساتھ جوڑ رہا ہے۔