
پنجاب میں برتھ اور ڈیتھ رجسٹریشن رولز 2025 کا نافذ کردیا گیا، صوبہ بھر میں برتھ اور ڈیتھ رجسٹریشن فیس ختم کردی گئی، نئے قانون کے نفاذ کے بعد پنجاب بھر میں برتھ اور ڈیتھ کی رجسٹریشن بلا معاوضہ کرائی جاسکے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی ہدایت پر برتھ اور ڈیتھ کمپیوٹرائزڈ سر ٹیفکیٹ بھی مفت جاری ہوگا، شہری یونین کونسل اور میونسپل کمیٹی میں 7 سال تک بلامعاوضہ اندراج کراسکتے ہیں، پنجاب میں برتھ اور ڈیتھ کی لیٹ رجسٹریشن پر کورٹ ڈگری کی شرط بھی ختم کردی گئی۔
اس حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ شناخت ہر شہری کا بنیادی حق ہے، شہریوں کے لئے آسانیاں پیدا کرنا چاہتے ہیں ،سروسز کے حصول کے لئے ڈیتھ او ربرتھ ڈیجیٹل سر ٹیفکیٹ لازم ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے مزید کہا کہ پنجاب کے شہری برتھ اور ڈیتھ کا بروقت اندراج کرا کے اپنے شہری حقوق کا تحفظ یقینی بنا سکتے ہیں۔
اس حکومتی اقدام کا مقصد ہر شہری کو اپنی شناخت کی قانونی حیثیت دلانا ہے جبکہ فیس کے خاتمے سے شہریوں کو مذکورہ سرٹیفکیٹ کے حصول میں سہولت ملے گی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے صوبے میں شہری ڈیٹا کا نظام بھی بہتر ہوگا جس سے نہ صرف حکومتی منصوبہ بندی میں آسانی پیدا ہوگی بلکہ صحت، تعلیم، اور دیگر سماجی شعبوں میں بھی پالیسی سازی زیادہ موثر انداز میں ہو سکے گی۔
اس کے علاوہ پسماندہ علاقوں میں رہنے والے وہ شہری جنہیں فیس اور عدالتی کارروائی کے باعث اندراج میں مشکلات درپیش تھیں اب وہ سہولت کے ساتھ اپنا اندراج کروا سکیں گے۔