سندھ ٹریفک پولیس نے بڑا قدم اٹھا لیا

فائیل فوٹو
May, 25 2025
لاہور:(ویب ڈیسک) سندھ پولیس نے ٹریفک کی بے قاعدگیوں پر قابو پانے کیلئے جدید کیمرا مانیٹرنگ اور ٹریکنگ کے ذریعے ای چالان سسٹم متعارف کروانے کا فیصلہ کر لیا۔
وفاقی بی ایریا ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹریز (FBATI) میں بطور مہمانِ ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) پولیس نے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر سخت کارروائی کیلئے اسمارٹ ٹیکنالوجی اور مختلف اداروں سے تعاون کے تحت مؤثر حکمت عملی اپنائی جا رہی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ بھاری گاڑیوں پر ٹریکرز نصب کیے جا رہے ہیں اور خلاف ورزی کی صورت میں 20 ہزار روپے تک کا جرمانہ ہوگا، جبکہ متعدد گاڑیاں ضبط بھی کی جائیں گی۔
واضح رہے کہ ٹریفک کانسٹیبلز کا کردار صرف جرمانے کرنے کا نہیں بلکہ عوام کی سہولت کاری کا بھی ہوگا۔
انہوں نے تاجر برادری کو یقین دلایا کہ ٹریفک نظم و ضبط بہتر ہونے کے بعد شہر کی ٹریفک مجموعی طور پر بہتر ہو گی۔
علاوہ اذیں انہوں نے کہا کہ سڑکوں پر پارکنگ اور تجاوزات بڑے چیلنجز ہیں، جنہیں مقامی حکومت کے تعاون سے جدید حل کے ذریعے ختم کیا جائے گا۔
ڈی آئی جی کے خصوصی بیان کے مطابق ٹریفک مسائل کی بڑی وجوہات میں تعلیم کی کمی اور شعور کا فقدان شامل ہیں، جنہیں آگاہی اور جرمانوں کے ذریعے بہتر بنایا جائے گا۔
ڈی آئی جی نے یہ بھی بتایا کہ شہر کی اہم شاہراہوں سے رکشوں کو بتدریج ہٹایا جائے گا اور متبادل ٹرانسپورٹ نظام متعارف کرایا جائے گا۔
FBATIکی جانب سے پولیس کو نگرانی کے نظام میں تکنیکی معاونت فراہم کرنے کی پیشکش کو سراہا۔
یاد رہے کہ کراچی میں اس وقت ٹریفک کی تعداد 89 لاکھ ہے، جن میں سے 44 لاکھ موٹر سائیکل سوار ہیں اور ان میں سے 50 فیصد ٹریفک حادثات کا شکار ہوتے ہیں۔
صدر شیخ محمد تحسین نے کہا کہ صنعتی علاقوں میں ٹینکرز ٹریفک حادثات اور ہلاکتوں کی بڑی وجہ ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ خواتین ورکرز کو سڑکوں کی خستہ حالی اور ٹریفک بد نظمی کی وجہ سے دفاتر پہنچنے میں مشکلات کا سامنا ہوتا ہے۔
FBATI کے سابق صدر ادریس گیگی نے تجویز دی کہ ایک مربوط ٹریفک پالیسی کے ذریعے اس صنعتی زون کو ماڈل زون بنایا جائے، جسے بعد ازاں دیگر صنعتی علاقوں میں بھی اپنایا جا سکے گا۔
انکا کہنا تھا کہ FBATI ٹریفک حادثات اور جرائم کی روک تھام کیلئے پولیس کو مکمل تعاون فراہم کرے گا، جس میں ادارے کا جدید CCTV نگرانی کا نظام بھی شامل ہے۔