آصفہ بھٹو زرداری کا قافلہ روکنے پر مظاہرین کے خلاف مقدمہ درج
Aseefa Bhutto Zardari convoy
فائیل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) صدر مملکت آصف علی زرداری کی صاحبزادی آصفہ بھٹو زرداری کے قافلے کو روکنے والے مظاہرین کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) 23 مئی کو ان مظاہرین کے خلاف درج کی گئی جنہوں نے ہنگامہ آرائی، سڑک بلاک کرنے اور سرکاری امور میں مداخلت کے الزامات کے تحت آصفہ بھٹو زرداری کے قافلے کو روکا تھا۔

جامشورو کے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) ظفر صدیقی نے کہا کہ آصفہ بھٹو زرداری ایک قافلے کے ساتھ نوابشاہ جا رہی تھیں جب انہیں جامشورو ٹول پلازہ کے قریب مظاہرین نے روکا۔

ایس ایس پی کے بیان کے مطابق مظاہرین نے قافلے کی گاڑیوں پر ڈنڈوں سے حملہ بھی کیا، تاہم پولیس اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے آصفہ بھٹو زرداری کی گاڑی کو بحفاظت روانہ کر دیا۔

مقامی پولیس نے بتایا کہ مظاہرین متنازع نہری منصوبے کیخلاف احتجاج کر رہے تھے، جسے گزشتہ ماہ وفاقی حکومت نے غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا تھا۔

واضح رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی جانب سے اس نہری منصوبے پر اعتراضات اٹھائے جانے کے بعد وزیرِاعظم شہباز شریف نے گزشتہ ماہ کہا تھا کہ جب تک مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) میں اتفاقِ رائے نہیں ہوتا کوئی نئی نہر تعمیر نہیں کی جائے گی۔

یاد رہے کہ 28 اپریل کو مشترکہ مفادات کونسل نے نئی نہریں تعمیر کرنے کی وفاقی حکومت کی تجویز مسترد کر دی تھی، جس سے 7 فروری کو اقتصادی رابطہ کمیٹی کا فیصلہ کالعدم قرار پایا۔