
9 مئی کے پرتشدد واقعات کی تحقیقات میں اہم پیشرفت کے سلسلے میں لاہور پولیس کی تفتیشی ٹیم اڈیالہ جیل پہنچی، تفتیشی ٹیم کی قیادت ڈی ایس پی آصف جاوید کر رہے تھے جبکہ ان کے ہمراہ انسپکٹر محمد اسلم، انسپکٹر محمد عالم، انسپکٹر محمد ارحم اور پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کے ماہر عابد ایوب بھی موجود تھے۔
ذرائع کے مطابق ٹیم نے جیل حکام سے ملاقات کے بعد عمران خان کو سیل سے بلوانے کی کوشش کی لیکن وہ سامنے نہ آئے اور پیغام بھجوایا کہ قانونی نمائندگی کے بغیر وہ کسی قسم کی تفتیشی کارروائی کا حصہ نہیں بنیں گے۔
واضح رہے کہ عمران خان پہلے ہی 9 مئی کیسز میں متعدد مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں اور ان پر ریاستی اداروں کے خلاف اکسانے کا الزام ہے۔
پولی گراف ٹیسٹ، جو عام طور پر جھوٹ یا سچ کی پرکھ کے لیے استعمال ہوتا ہے، اس کیس میں ایک کلیدی تفتیشی قدم تصور کیا جا رہا تھا، تاہم قانونی پیچیدگیوں اور ملزم کے انکار نے تفتیشی عمل کو ایک نئی سمت دے دی ہے۔
خیال رہے کہ 9 مئی 2023 کو بانی پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں مختلف مقامات پر پرتشدد مظاہرے ہوئے، جن میں فوجی تنصیبات اور سرکاری عمارتوں کو نشانہ بنایا گیا۔
ان واقعات کو ریاستی اداروں پر حملے کے مترادف قرار دیا گیا اور حکومت نے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان کیا تھا۔