وزیراعلی مریم نواز کی ہیٹ ویو کے پیش عوام سے احتیاطی تدابیر کی اپیل
 وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ہیٹ ویو کے پیش نظر عوام سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کردی۔
فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ہیٹ ویو کے پیش نظر عوام سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کردی۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ہیٹ ویو کے پیش نظر بچوں کو گھر میں محدود رکھنے کی ہدایت کی اور تمام سرکاری ونجی سکولوں میں اوپن ایئر سرگرمیاں معطل کرنے کا حکم دےد یا۔

مریم نواز نے سکولوں میں تمام کلاس روم میں کم از کم پنکھے فعال کرنے اور طلبہ کے لئے سخت گرمی کے پیش نظرڈریس کوڈ میں نرمی برتنے کی ہدایت کردی۔

وزیراعلیٰ نے ہر سکول میں فرسٹ ایڈ باکس کی موجودگی یقینی بنانے اورانتظامیہ کو پر ہجوم بازاروں میں سایہ، او آر ایس ملا پانی ، فرسٹ ایڈ کاؤنٹر اور واٹر کولر فراہم کرنے کا بھی حکم دے دیا۔

مریم نواز نے صوبہ بھر میں ریسکیو 1122 اور ہیلتھ سروسز کو الرٹ رکھنے کا حکم دیا اور ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کو تمام بس اور ویگن سٹینڈز میں سایہ، پانی اور مسٹ فین یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے فارمرز کو مویشیوں کے لئے سایہ اور وافر پانی مہیاء کرنے کی اپیل کی جبکہ ملتان اور بہاولپور ڈویژن میں کاشت کار بھائیوں کو سخت گرمی کے پیش نظر احتیاط برتنے کی ہدایت کی،وزیراعلی پنجاب نے عوام کو چھتوں پر پرندوں کے لئے پانی رکھنے کی بھی ہدایت کی۔

ہیٹ ویو کیا ہے؟

جب کسی علاقے، شہر یا ملک میں موسمیاتی تبدیلی کے باعث اوسط یا عمومی درجہ حرارت کے مقابلے میں کہیں زیادہ درجۂ حرارت ریکارڈ کیا جائے تو موسم کی یہ کیفیت ہیٹ ویو کہلاتی ہے، اسے عمومی طور پر اردو میں لُو کہا جاتا ہے۔

ہیٹ ویو کی علامات

سانس لینے میں دشواری، دل کی دھڑکن اور سانس کا بڑھ جانا، پسینہ آنا رُک جانا، متلی محسوس ہونا، قے کرنا، بے ہوشی کے دورے پڑنا، سر میں شدید درد محسوس ہونا، جسم میں پانی کی کمی ہو جانا، جلد کا گرم اور سرخ ہو جانا ہیٹ ویو کی علامات ہیں۔