وفاقی حکومت کا یومِ تکبیر پر عام تعطیل کا اعلان
وفاقی حکومت نے 28 مئی کو یومِ تکبیر کے موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل کا باضابطہ اعلان کر دیا
وفاقی حکومت نے 28 مئی کو یومِ تکبیر کے موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل کا باضابطہ اعلان کیا/فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) وفاقی حکومت نے 28 مئی کو یومِ تکبیر کے موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل کا باضابطہ اعلان کر دیا۔

 حکومتی ذرائع کے مطابق یومِ تکبیر کو قومی سطح پر منانے کے لیے تعطیل کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ عوام اس اہم دن کی مناسبت سے تقریبات میں بھرپور انداز میں شریک ہو سکیں اور ملک کی دفاعی کامیابیوں کو خراجِ تحسین پیش کر سکیں۔ اس سلسلے میں وفاقی حکومت نے دسمبر 2024 میں جاری کی گئی عام تعطیلات کی فہرست میں 28 مئی کو پہلے ہی شامل کر دیا تھا، تاہم اب اس فیصلے کو عوامی سطح پر یاددہانی کے طور پر دوبارہ جاری کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پنجاب کے تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی چھٹیوں کا اعلان

گزشتہ برس وفاقی حکومت کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر کے 28 مئی کو عام تعطیل قرار دیا گیا تھا، اور اس روایت کو جاری رکھتے ہوئے امسال بھی اس دن دفاتر، اسکولز، بینک اور دیگر سرکاری و نیم سرکاری ادارے بند رہیں گے۔ صرف لازمی خدمات کے ادارے جیسے اسپتال، ایمرجنسی سروسز، اور دیگر ضروری محکمے معمول کے مطابق کام کریں گے تاکہ عوام کو سہولت فراہم کی جا سکے۔

یاد رہے کہ 28 مئی 1998 کو پاکستان نے بلوچستان کے ضلع چاغی میں کامیاب ایٹمی تجربات کیے تھے، جن کے ذریعے ملک نے اپنے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنانے کا عملی مظاہرہ کیا۔ یہ دن قومی خودمختاری، استقامت اور سائنسی ترقی کی علامت سمجھا جاتا ہے، اور اس موقع پر ملک بھر میں سیمینارز، ریلیاں اور مختلف تقاریب منعقد کی جاتی ہیں۔

یومِ تکبیر کے موقع پر قوم اپنے سائنسدانوں، فوجی قیادت اور سیاسی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے جن کی کاوشوں سے پاکستان ایک محفوظ ایٹمی قوت بنا۔ حکومت کی جانب سے اس دن کو بھرپور انداز میں منانے کے لیے مختلف شہروں میں سیکیورٹی، ٹریفک اور دیگر انتظامی امور کے حوالے سے خصوصی اقدامات کیے جانے کی توقع ہے۔