
ماہرین کے مطابق عام طور پر چاند کی رؤیت کے لیے اس کی عمر کم از کم 19 گھنٹے ہونی چاہیے تاکہ وہ انسانی آنکھ سے واضح طور پر نظر آ سکے۔ چونکہ 27 مئی کو چاند کی عمر محض 11 گھنٹے ہوگی، اس لیے اس دن چاند نظر آنے کے امکانات تقریباً معدوم ہیں۔ اس کے برعکس 28 مئی کو چاند کی عمر 35 گھنٹے سے زائد ہوگی، جو کہ رؤیت ہلال کے لیے موزوں ترین عمر مانی جاتی ہے۔ اسی وجہ سے ماہرین کا کہنا ہے کہ 28 مئی کو ملک کے مختلف حصوں میں ذوالحجہ کا چاند نظر آنے کے روشن امکانات ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:پنجاب کے اسکولوں میں گرمیوں کی چھٹیاں؟ محکمہ تعلیم نے بتا دیا
اگر 28 مئی کو چاند نظر آ جاتا ہے، تو اسلامی کیلنڈر کے مطابق یکم ذوالحجہ 29 مئی کو ہوگی۔ اس اعتبار سے پاکستان میں عیدالاضحیٰ 10 ذوالحجہ یعنی 7 جون 2025 بروز ہفتہ کو منائی جائے گی۔ ماہرین فلکیات کے اندازوں کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں 28 مئی کو مطلع صاف رہنے کا امکان ہے، جس کی وجہ سے چاند کی رؤیت میں کوئی بڑی رکاوٹ متوقع نہیں۔
محکمہ موسمیات کے ذرائع کا کہنا ہے کہ تکنیکی اعتبار سے چاند کی پوزیشن اور غروب آفتاب کے وقت اس کا زاویہ ایسی صورتحال پیدا کر رہے ہیں جس سے 27 مئی کو چاند نظر آنا ممکن نہیں لگتا۔ تاہم حتمی فیصلہ رویت ہلال کمیٹی کرے گی، جو ملک بھر سے چاند کی شہادتیں جمع کر کے اس حوالے سے باقاعدہ اعلان کرے گی۔
عیدالاضحیٰ مسلمانوں کا اہم مذہبی تہوار ہے جو حضرت ابراہیمؑ کی قربانی کی یاد میں منایا جاتا ہے، اور اس موقع پر مسلمان جانور قربان کرتے ہیں۔ ملک بھر میں اس دن کی تیاریوں کا آغاز عید کی تاریخ کے اعلان کے ساتھ ہی شروع ہو جائے گا، اور منڈیوں میں رش بڑھنے کی توقع ہے۔