وزیراعظم ، سپیکر کیخلاف تحریک عدم اعتماد کی خبریں بے بنیاد ہیں: پی ٹی آئی
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر نے وزیراعظم شہباز شریف اور سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کے حوالے سے زیر گردش خبروں کی تردید کردی۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر نے وزیراعظم شہباز شریف اور سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کے حوالے سے زیر گردش خبروں کی تردید کردی۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف فی الحال کسی کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتی اور نہ ہی اس حوالے سے بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کسی قسم کی کوئی ہدایات دی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور سپیکر کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کے حوالے سے میڈیا پر چلنے والی خبروں میں کوئی صداقت نہیں، انہوں نے واضح کیا کہ عدم اعتماد کا آپشن سیاسی جماعتوں آئین پاکستان دیتا ہے لیکن ابھی اس کے استعمال کی کوئی تجویز بھی زیر غور نہیں ہے۔

خیال رہے کہ رہنما تحریک انصاف و سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ وزیراعظم اور سپیکر قومی اسمبلی کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے ہماری ٹھوس گفتگو ہوئی ہے، صرف پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں اس معاملے کو روک دیا ہے۔

اسد قیصر کا کہنا تھا کہ اگر ایسی صورتحال میں عدم اعتماد کی تحریک لائی جاتی تو ہماری حب الوطنی پر سوال اٹھائے جانے تھے ، ہم نہیں چاہتے سیاسی مقاصد کو قومی وقار پر ترجیح دیں۔

دوسری جانب سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے عدم اعتماد کی خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ میں نے سنا ہے میرے خلاف تحریک عدم اعتماد لائی جا رہی ہے،جو دوست یہ شوق پورا کرنا چاہتے ہیں کر لیں،تحریک انصاف کے بہت سے اراکین تحریک لانے والوں کا ساتھ نہیں دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ میں تو بطور سپیکر سب کا خیال رکھتا ہوں، تحریک آ بھی گئی تو ان کے اپنے لوگ ساتھ نہیں دیں گے،میں مطمئن ہوں اور بطور سپیکر میرا کردار سب کے سامنے ہے، موجودہ حالات میں قومی یکجہتی کی فضا قائم ہوئی ہے، وطن کے دفاع کےلئے جانیں قربان کرنے والے ہمارے حقیقی ہیروز ہیں، ہمیں ان ہیروز کو سلام پیش کرتے ہیں۔

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا مزید کہنا تھا کہ دشمن کو بتا دیا پاکستان کے دفاع اور سالمیت کے تحفظ پر پوری قوم یکجا ہے۔