کراچی میں گرمی کی شدت، شہری بے حال
Karachi heatwave 2025
فائل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی میں گرمی کی شدت کیوجہ سے درجہ حرارت میں مسلسل اضافہ شہریوں کیلئے پریشانی کا باعث بن گیا ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق شہرِ قائد میں آج بھی موسم گرم رہنے کا امکان ہے، درجۂ حرارت زیادہ سے زیادہ 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے، جس نے شہریوں کو بے حال کر دیا ہے اور معمولاتِ زندگی متاثر ہو رہی ہیں۔

محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں اس وقت جنوب مغربی سمت سے ہوائیں 13 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 69 فیصد ریکارڈ کیا گیا، ہوا میں موجود نمی کی زیادتی کے باعث گرمی کی شدت اور زیادہ محسوس کی جا رہی ہے، جس کے باعث گرمی کا احساس حقیقی درجہ حرارت سے کہیں زیادہ محسوس کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ شدید گرمی کے باعث شہر میں ٹھنڈے مشروبات کی طلب میں اضافہ ہو گیا ، شہری بڑی تعداد میں جوس، کولڈ ڈرنکس اور قلفی فروشوں کا رخ کر رہے ہیں تاکہ وہ خود کو گرمی کے اثرات سے محفوظ رکھ سکیں۔

دوسری جانب گرمی کے باعث ہونے والی بیماریوں میں بھی اضافہ ہو گیا ہے، جس میں ہیٹ اسٹروک، پانی کی کمی اور چکر آنے جیسے کیسز میں نمایا اضافہ دیکھا گیا۔

ماہرینِ صحت نے شہریوں کو غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کرنے، زیادہ سے زیادہ پانی پینے اور ہلکے کپڑے پہننے کی ہدایت کی ہے۔