مالاکنڈ کے پہاڑوں میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی
Malakand Forest Fire
فائل فوٹو
مالاکنڈ:(ویب ڈیسک) خیبر پختونخوا کے خوبصورت اور سرسبز پہاڑی سلسلے مالاکنڈ میں خطرناک آگ بھڑک اٹھی ہے، جس نے تقریباً 10 کلومیٹر کے علاقے کو لپیٹ میں لے لیا ہے۔

جنگلات میں لگی یہ آگ مقامی ماحول اور جنگلی حیات کیلئے سنگین خطرے کا باعث بن سکتی ہے۔

ریسکیو 1122 کے ترجمان کے مطابق پہاڑی اور دشوار گزار راستوں کے باعث امدادی کارروائیوں میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ تیز ہواؤں اور خشک موسم نے آگ کے پھیلاؤ کو مزید تیز کر دیا ہے، جبکہ آگ سے جنگلی جانوروں اور پودوں کی بڑی تعداد متاثر ہو چکی ہے۔

ماحولیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسی آگ صرف قدرتی حسن کو ہی نہیں بلکہ مقامی آبادی کی معیشت اور ماحولیاتی توازن کو بھی متاثر کرتی ہے۔ ابتدائی اندازوں کے مطابق آگ لگنے کی وجوہات میں ممکنہ طور پر انسانی غفلت یا خشک گھاس میں قدرتی چنگاری شامل ہو سکتی ہے، تاہم حتمی تحقیقات جاری ہیں۔

دوسری جانب پشاور میں رنگ روڈ پر واقع ایک میڈیسن گودام میں بھی آگ بھڑک اٹھی، تاہم ریسکیو ٹیموں کی بروقت کارروائی سے آگ پر قابو پا لیا گیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق آگ بجھانے میں 8 فائر وہیکلز اور 2 واٹر باؤزرز نے حصہ لیا۔

حکام نے متاثرہ علاقوں میں فوری امدادی کارروائیوں کے ساتھ ساتھ عوام سے اپیل کی ہے کہ جنگلات میں آگ سے بچاؤ کے اصولوں پر عمل کریں تاکہ قدرتی وسائل کو بچایا جا سکے۔