ایئر وائس مارشل اورنگزیب احمد گوگل پر سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی شخصیت
ایئر وائس مارشل اورنگزیب احمد حالیہ دنوں میں پاکستان میں سب سے زیادہ گوگل پر سرچ کی جانے والی شخصیات میں شامل ہو گئے ہیں
ایئر وائس مارشل اورنگزیب احمد / فائل فوٹو
(ویب ڈیسک) ایئر وائس مارشل اورنگزیب احمد حالیہ دنوں میں پاکستان میں سب سے زیادہ گوگل پر سرچ کی جانے والی شخصیات میں شامل ہو گئے ہیں، جس کی وجہ بھارت کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران ان کی شاندار میڈیا پرفارمنس اور دلچسپ گفتگو بنی۔

گوگل ٹرینڈز کے مطابق 12 مئی کی رات 2 بجے ’اورنگزیب‘ کے نام کی تلاش اپنے عروج پر پہنچ گئی، جو گزشتہ ہفتے کے تمام تلاشوں میں سرفہرست رہی۔ اس وقت جب ملک میں بھارت کے خلاف فضائی کامیابیوں کا چرچا تھا، ایئر وائس مارشل اورنگزیب احمد نے ایک نیوز بریفنگ میں اپنے مخصوص انداز اور ہلکے پھلکے مزاحیہ لہجے سے عوام کی توجہ حاصل کی۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے ایک کلپ میں وہ یہ کہتے سنے گئے: "جہاں سے پچھلے روز چھوڑی تھی، وہیں سے بات شروع کروں گا۔ یعنی پی اے ایف بمقابلہ آئی اے ایف، مقابلہ چھ صفر سے ہمارے حق میں رہا۔"

یہ بھی پڑھیں:ایئر وائس مارشل اورنگزیب احمد کی شاہکار داستان

یہ بیان بھارتی فضائیہ کے چھ طیاروں کی تباہی کے تناظر میں دیا گیا تھا، جن میں بھارت کے تین جدید رافیل طیارے، ایک SU-30، ایک MiG-29 اور ایک ڈرون شامل تھے۔ ایئر وائس مارشل کا پراعتماد انداز، شائستہ لہجہ اور مزاح سے بھرپور گفتگو نے انہیں نہ صرف پاکستان میں بلکہ بیرون ملک بھی مقبول بنا دیا۔

پاکستانی عوام کی جانب سے ان کے بیان کو قومی فخر کا باعث سمجھا جا رہا ہے، جبکہ سوشل میڈیا پر ان کے کلپس لاکھوں بار شیئر کیے جا چکے ہیں۔ نوجوان طبقہ انہیں "ہیرو آف دی مومنٹ" قرار دے رہا ہے اور ان کے فقرے کو میمز اور ویڈیوز میں بھی استعمال کیا جا رہا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ پاکستان میں اورنگزیب احمد سب سے زیادہ سرچ کیے جانے والے شخص بنے، جبکہ بھارت میں اسی دوران گوگل پر سب سے زیادہ تلاش کی جانے والی اصطلاح "Ceasefire meaning" تھی، جسے ایک کروڑ سے زائد بار سرچ کیا گیا۔

ماہرین کے مطابق اس رجحان سے ظاہر ہوتا ہے کہ عوام کی توجہ صرف جنگی حالات پر نہیں بلکہ اُن قومی شخصیات پر بھی مرکوز ہو جاتی ہے جو اعتماد، مزاح اور حب الوطنی کے امتزاج سے قوم کا مورال بلند کرتے ہیں۔