
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کامرہ ایئربیس کا دورہ کیا اور اکیسویں صدی کی سب سے طویل فضائی جھڑپوں میں سے ایک میں دشمن کی برتری کی خوش فہمی کو خاک میں ملانے والے پاک فضائیہ کے شاہینوں سے ملاقات کی۔
نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیرِ دفاع خواجہ آصف، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور اعلیٰ سول و عسکری قیادت بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دشمن کے خلاف عظیم کامیابی پر بہادر سپوتوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، ہماری بہادر افواج نے اپنی صلاحیتوں سے دنیا کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا، پاکستان کے بھرپور جواب دے دشمن کے چاروں طبق روشن ہو گئے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے جارحیت میں معصوم بچوں سمیت نہتے شہریوں کو نشانہ بنایا، اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتے ،تحقیقات کا سامنا کرنے کے بجائے دشمن نے جارحیت کا راستہ اختیار کیا، تکبر میں مبتلا دشمن نے ہماری امن کی پیشکش کو ٹھکرا دیا ، ہم نے دشمن کی جارحیت کا تحمل سے جواب دیا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں عظیم فتح سے ہمکنار کیا ، ہمارے جری جوانوں نے دنیا کی سوچ بدل کر رکھ دی، پاکستان کے بھرپور جواب نے خطے میں طاقت کا توازن بدل دیا، عسکری قیادت نے فرنٹ لائن سے لیڈ کیا، 10 مئی کو دنیا میں ایک ہی گونج تھی پاکستان نے صورتحال تبدیل کردی، دنیا نے تسلیم کیا کہ پاکستان نے عز م اور تکنیکی صلاحیت سے دشمن کو مات دی۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے شاہین دشمن پر جھپٹے اور دن میں تارے دکھا دیئے ، پاک فضائیہ نے دشمن کے 5 نہیں 6 طیارے گرائے، ہماری افواج نے اپنی مہارت اور عزم سے کئی گنا بڑے دشمن کا غرور خاک میں ملایا، دشمن نے اپنی طاقت منوانے کے لیے اربوں ڈالر کا اسلحہ خریدا، ہمارے شاہینوں نے چند گھنٹوں میں دشمن کا غرور پاش پاش کردیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے شاہینوں نے ایم ایم عالم ، سیسل چودھری، سرفراز رفیقی کی یاد تازہ کردی، ہمارے شاہینوں نے دشمن کے تین رافیل طیارے تباہ کیے جو مودی اور پوری دنیا ہمیشہ یاد رکھے گی، پاکستان نے جوابی کارروائی میں دشمن کی عسکری تنصیبات کو ٹھیک ٹھیک نشانہ بنا کر حواس باختہ کردیا، ہمارے بھرپور جواب سےدشمن کے جنگی جنون کا بخار اتر گیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ ہر پاکستانی کو اپنی بہادر افواج اور نڈر سپوتوں پر فخر ہے پوری قوم اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، پاکستان نے خود دہشتگردی کے ہاتھوں بہت نقصان اٹھایا ہے، یہ بات ڈھکی چھپی نہیں مکتی باہنی کو تربیت کس نے دی، جعفرایکسپریس واقعہ میں بھارت ملوث ہے۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان امن کی بات چیت کے لیے تیار ہے، لازمی ہے مذاکرات میں کشمیر کے مسئلے پر بات چیت ہو گی، مقبوضہ کشمیر کے عوام کو حق خودارادیت دینا ہو گا، کشمیر پر بات کرنا ہو گی ورنہ یہ مسئلہ خطے کو دوبارہ جنگ کی لپیٹ میں لے سکتا ہے۔