پاکستان اور بھارت کے ڈائریکٹر جنرلز آف ملٹری آپریشنز (ڈی جی ایم اوز) کے درمیان تیسری بار ہاٹ لائن پر رابطہ ہوا/ فائل فوٹو
(ویب ڈیسک) پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی کے بعد دونوں ممالک کے ڈائریکٹر جنرلز آف ملٹری آپریشنز (ڈی جی ایم اوز) کے درمیان تیسری بار ہاٹ لائن پر رابطہ ہوا، جس میں خطے کی تازہ زمینی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق پاک فوج کے ڈی جی ایم او میجر جنرل کاشف عبداللہ اور بھارتی فوج کے ڈی جی ایم او لیفٹیننٹ جنرل راجیو گھائے کے درمیان ہونے والے اس رابطے میں سیز فائر کی موجودہ صورتحال کو برقرار رکھنے پر زور دیا گیا۔ دونوں افسران نے اس بات پر اتفاق کیا کہ لائن آف کنٹرول پر پُرامن ماحول کو برقرار رکھنا دونوں ممالک کے مفاد میں ہے، اور ماضی میں طے کیے گئے اسٹیٹس کو کو قائم رکھنا ضروری ہے۔
یہ بھی پڑھیں:بھارتی جارحیت میں زخمی ہونیوالے پاک فوج کے مزید 2 جوان شہید
یاد رہے کہ لائن آف کنٹرول پر حالیہ ہفتوں میں کشیدگی کے امکانات بڑھ گئے تھے، تاہم امریکا اور دیگر دوست ممالک کی سفارتی کوششوں کے نتیجے میں دونوں ممالک کے درمیان سیز فائر کا ماحول قائم کیا گیا۔ انہی کوششوں کی روشنی میں ڈی جی ایم اوز کے درمیان یہ تیسرا رابطہ عمل میں آیا ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ اگرچہ اس ہاٹ لائن رابطے کی تفصیلات سرکاری طور پر جاری نہیں کی گئیں، تاہم قابل اعتماد ذرائع کے مطابق گفتگو مثبت ماحول میں ہوئی اور دونوں فریقین نے پیر کے روز ہونے والے سابقہ رابطے کی بنیاد پر ایک دوسرے کے مؤقف کو سنا اور امن قائم رکھنے پر زور دیا۔