بھارتی جارحیت میں زخمی ہونیوالے پاک فوج کے مزید 2 جوان شہید
 بھارتی فوج کی بزدلانہ اور بلا جواز جارحیت میں زخمی ہونے والے پاک فوج کے مزید دو جوان شہید ہو گئے۔
فوٹو بشکریہ آئی ایس پی آر
راولپنڈی: (سنونیوز ) بھارتی فوج کی بزدلانہ اور بلا جواز جارحیت میں زخمی ہونے والے پاک فوج کے مزید دو جوان شہید ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق مادرِ وطن کے دفاع میں بے مثال جرات اور غیر متزلزل عزم کے ساتھ لڑتے ہوئے زخمی ہونے والے پاک سرزمین کے دو اور بہادر سپوت جامِ شہادت نوش کر گئے، جو ہسپتال میں زیر علاج تھے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا کہ آج جامِ شہادت پانے والوں میں پاک فوج کے حوالدار محمد نوید شہید اور پاک فضائیہ کے سینئر ٹیکنیشن محمد ایاز شہید شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی جارحیت میں پاکستان کی مسلح افواج کے شہداء کی تعداد 13 ہو گئی ہے جبکہ 78 جوان دفاعِ وطن کی راہ میں زخمی ہوئے ہیں۔

ترجمان پاک فوج کی جانب سے کہا گیا کہ افواج پاکستان کے بہادر سپوتوں کی عظیم قربانی ان کی جرات، فرض شناسی اور غیر متزلزل حب الوطنی کی دائمی علامت کے طور پر ہمیشہ یاد رکھی جائے گی، یہ قربانیاں قوم کی اجتماعی یادداشت میں ہمیشہ زندہ رہیں گی اور آنے والی نسلوں کے لیے حوصلہ، وفا اور قربانی کی روشن مثال بنیں گی ۔

آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی مسلح افواج، پوری قوم کے ساتھ مل کر ان عظیم شہداء کو اعلیٰ ترین خراجِ عقیدت پیش کرتی ہیں اور ان کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتی ہیں، بھارتی حملے میں زخمی ہونے والے تمام اہلکاروں کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے بھی دعا گو ہیں۔