سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں کے مطابق کامران لاشاری کو ان کے عہدے سے سبکدوش کر دیا گیا ہے اور وہ اب مزید سرکاری امور سرانجام نہیں دیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ کامران لاشاری نے تقریباً 20 روز قبل اپنا استعفیٰ چیئرپرسن والڈ سٹی اتھارٹی مریم نواز کو ارسال کیا تھا جس پر اب کارروائی مکمل کرتے ہوئے ان کا استعفیٰ منظور کر لیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پنجاب میں 8 سال بعد مفت لیپ ٹاپ سکیم ، ہزاروں طلبہ مستفید
کامران لاشاری کو لاہور کے تاریخی ورثے کی بحالی، پرانی عمارات کی تزئین و آرائش اور والڈ سٹی کے متعدد ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے ایک اہم اور فعال شخصیت کے طور پر جانا جاتا تھا۔ انہوں نے والڈ سٹی اتھارٹی میں اپنی مدت کے دوران کئی اہم منصوبے کامیابی سے مکمل کیے جن میں اندرون لاہور کی سڑکوں اور گلیوں کی بحالی، مغل دور کی عمارتوں کی تزئین، اور شہری سیاحت کے فروغ کے لیے اقدامات شامل ہیں۔
ادھر پنجاب حکومت کی جانب سے تاحال کسی نئے ڈی جی کی تقرری کا اعلان نہیں کیا گیا تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ جلد ہی نیا سربراہ مقرر کر دیا جائے گا تاکہ اتھارٹی کے جاری منصوبے متاثر نہ ہوں۔
شہری حلقوں اور ثقافتی ورثے کے تحفظ سے وابستہ افراد نے کامران لاشاری کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا کردار ناقابل فراموش رہا اور ان کے جانے سے ادارے میں ایک خلاء پیدا ہو گا جسے پر کرنا آسان نہیں ہوگا۔