پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان
پیٹرولیم مصنوعات کی 16 مئی 2025 سے قیمتوں میں کمی کا امکان ہے تاہم یہ کمی عوام تک منتقل کیے جانے کے بجائے دیگر مقاصد کے لیے استعمال کی جاسکتی ہے
شہری پیٹرول پمپ سے پیٹرول ڈلوا رہے ہیں/ فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) پیٹرولیم مصنوعات کی 16 مئی 2025 سے قیمتوں میں کمی کا امکان ہے تاہم یہ کمی عوام تک منتقل کیے جانے کے بجائے دیگر مقاصد کے لیے استعمال کی جاسکتی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے باعث پاکستان میں پیٹرول کی قیمت میں 1 روپے فی لیٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے فی لیٹر کمی کی توقع ہے۔ اس سلسلے میں آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے نئی قیمتوں سے متعلق سمری تیار کرلی ہے، جو کل وزارت خزانہ کو ارسال کی جائے گی۔

تاہم، حکومت نے عندیہ دیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ممکنہ کمی کا ریلیف عوام کو نہیں دیا جائے گا۔ اس کے برعکس، حاصل ہونے والی اضافی آمدن کو ملک کی موجودہ صورتحال، بالخصوص بھارت کے ساتھ جاری کشیدگی کے اخراجات پورے کرنے کے لیے مختص کیا جائے گا۔ اس فیصلے کے پیچھے حکومتی مؤقف یہ ہے کہ قومی سلامتی اولین ترجیح ہے اور موجودہ غیر یقینی حالات میں مالی وسائل کو دفاعی اور سیکیورٹی اقدامات پر صرف کرنا ناگزیر ہو چکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ایک روز کمی کے بعد سونے کی قیمت میں پھر ہزاروں روپے اضافہ

حکومت کے اس فیصلے پر عوامی سطح پر ملے جلے ردعمل کا امکان ہے۔ ایک جانب جہاں معاشی دباؤ کا شکار عوام قیمتوں میں کمی کا ریلیف چاہتے ہیں، وہیں دوسری جانب ملک کی سلامتی کو درپیش خطرات کے پیش نظر کچھ حلقے حکومت کے اس اقدام کو ایک قومی ضرورت قرار دے سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں ہر 15 دن بعد عالمی مارکیٹ اور ایکسچینج ریٹ کے مطابق نظرثانی کی جاتی ہیں، اور اس مرتبہ عالمی سطح پر قیمتوں میں کمی کے باوجود، حکومت نے اس فائدے کو ملکی دفاعی ضروریات کے لیے مختص کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔