سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارتی بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) سے تعلق رکھنے والے پورنم کمار شاہ کو بھارتی حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ پورنم کمار شاہ کو پاکستان کی حدود میں داخل ہونے پر پاکستانی سیکیورٹی اداروں نے حراست میں لے لیا تھا۔ مکمل تحقیقات اور قانونی عمل کے بعد اسے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر واپس بھارت کے حوالے کیا گیا۔
دوسری جانب بھارتی حکام نے بھی پاکستان کے شہری محمد اللہ کو واہگہ بارڈر پر پاکستانی حکام کے حوالے کر دیا۔ محمد اللہ کا تعلق پنجاب رینجرز سے بتایا جا رہا ہے اور وہ کسی موقع پر غلطی سے بھارتی حدود میں داخل ہو گیا تھا جس کے بعد بھارتی فورسز نے اسے گرفتار کر لیا تھا۔
قیدیوں کے تبادلے کا یہ عمل واہگہ بارڈر پر نہایت رسمی انداز میں انجام دیا گیا۔ دونوں طرف سے سیکیورٹی اہلکار اور امیگریشن حکام موجود تھے جنہوں نے تبادلہ مکمل ہونے تک تمام تر معاملات کی نگرانی کی۔ قیدیوں کو ان کے متعلقہ اداروں کے حوالے کیا گیا جہاں ان کی صحت اور ذہنی حالت کا جائزہ لیا گیا۔