
تفصیلات کے مطابق جنید تاج کو ایک ماہ قبل ہی سیالکوٹ میں پی ایچ اے کے ڈائریکٹر جنرل کے طور پر تعینات کیا گیا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ اپنے کمرے میں موجود تھے جب اچانک فائرنگ کی آواز آئی۔ پولیس کو فوری اطلاع دی گئی کہ ان کے گھر سے گولی چلنے کی آواز سنی گئی ہے، جس پر متعلقہ پولیس ٹیم فوری طور پر ان کی رہائش گاہ پہنچی۔ کمرے کے اندر جنید تاج کو خون میں لت پت پایا گیا اور فوری طور پر انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:ٹک ٹاک بناتے ہوئے گولی چل گئی، میٹرک کی طالبہ جاں بحق
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ کی نوعیت بظاہر خود کشی کی کوشش معلوم ہوتی ہے تاہم ابھی اس بات کی مکمل تصدیق نہیں ہو سکی کہ گولی چلنے کا واقعہ خودکشی تھا یا کوئی اور پہلو اس کے پیچھے کارفرما ہے۔ اس حوالے سے پولیس نے شواہد اکٹھے کر لیے اور ابتدائی تفتیش کا آغاز کر دیا گیا۔
جنید تاج کے قریبی حلقے اور ادارے کے ملازمین اس واقعے پر شدید دکھ اور صدمے کا اظہار کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ جنید تاج ایک محنتی اور پروفیشنل افسر تھے، تاہم حالیہ دنوں میں وہ کچھ پریشان دکھائی دے رہے تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی ہر پہلو سے تفتیش کی جائے گی، جن میں ذاتی، خاندانی اور پیشہ ورانہ وجوہات شامل ہیں، تاکہ اصل حقیقت سامنے لائی جا سکے۔