
پاک فضائیہ اور نیوی افسران کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری کا کہنا تھا کہ پاکستان نے بھارتی جارحیت کے خلاف بنیان مرصوص آپریشن کیا، پاکستان کی مسلح افواج نے قوم کے ساتھ کیا گیا وعدہ پورا کیا، 6 اور 7 مئی کی شب بھارتی جارحیت میں ہمارے بے گناہ شہری شہید ہوئے، ہماری تمام تر ہمدردیاں شہداء کے اہلخانہ کے ساتھ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے ہمیں دشمن کے خلاف کامیابی ملی، مسلح افواج نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا، مشکل فیصلوں پر وزیراعظم شہباز شریف اور کابینہ کے شکرگزار ہیں، سیاسی قیادت کے مشکور ہیں جنہوں نے تمام سیاسی اختلافات پس پشت ڈال کر افواج پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ غیور اور بہادر عوام مسلح افواج کے ساتھ کھڑے ہیں، مسلح افواج غیور پاکستانیوں کی شکرگزار ہیں، پاکستان کے نوجوانوں نے فرنٹ لائن سولجر کا کردار ادا کیا، نوجوان پاکستانیوں نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کی جنگ میں بہترین کردار ادا کیا۔
آپریشن بنیان مرصوص کی تفصیلات بتاتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ مسلح افواج نے 26 بھارتی دفاعی تنصیبات کو نشانہ بنایا، بھار ت کی دفاعی تنصیبات اور دہشتگردی کے تربیتی مراکز کو نشانہ بنایا گیا، دو مقامات پر بھارت کے فضائی دفاعی ایس 400 نظام کو نشانہ بنایا۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان نے سورت گڑھ، سرسہ ، ادھم پورہ، آدم پورہ، پٹھانکوٹ،امبالہ،بُھج، بھٹنڈہ، نالیہ، برنالہ، سری نگر، مامون میں اہداف کو نشانہ بنایا، بیاس اور نگروٹا میں براہموس میزائل کے ذخائر کو تباہ کیا گیا، پاک فوج نے پونچھ میں بھارتی ریڈیو سٹیشن تباہ کیا۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ اڑی میں فیلڈ سپلائی ڈپو اورپونچھ میں ریڈار سٹیشن کو نشانہ بنایا گیا، ٹین بریگیڈ اور 80 بریگیڈ کی کمانڈ تنصیبات کو بھی تباہ کیا گیا، راجوڑی اور نوشہرہ میں ملٹری عناصر اور ان کے فیلڈ عناصر کو بھی ختم کیا گیا، ایل او سی کے پار سول آبادی پر فائرنگ کرنے والی بھارتی چیک پوسٹوں پر بھرپور جوابی کارروائی کی گئی یہاں تک کہ انہوں نے سفید جھنڈا لہرا دیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ آپریشن بنیان مرصوص کے دوران مسلح ڈرونز دہلی سمیت گجرات تک مسلسل پرواز کرتے رہے، پاکستانی افواج نے بھرپور سائبر حملے بھی کیے، ان سائبر حملوں میں مواصلاتی نظام کو مفلوج کیا گیا،پاکستان نے تمام حملے مہارت سے کیے تاکہ کوئی سویلین نشانہ نہ بنے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کو تاریخی اور بروقت جواب دیا ، کوئی شک نہ رہے ہماری خودمختاری پر حملہ کیا گیا تو بھرپور جواب دیا جائے گا، پاکستان کے پاس جدید جنگی صلاحیتیں موجود ہیں اس جنگ میں ان صلاحیتوں کا محدود استعمال کیا گیا جبکہ باقی آئندہ کے لیے محفوظ رکھی گئی ہیں۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کا ردعمل نہایت درست، متوازن اور محدود نوعیت کا رہا، بھارت میں اہداف کو احتیاط سے منتخب کیا گیا تاکہ عام شہری متاثر نہ ہوں، کسی کو شک نہیں ہونا چاہیے اگر ہماری خودمختاری یا سرحدی حدود کی خلاف ورزی کی گئی تو ہمارا ردعمل جامع، جوابی اور فیصلہ کن ہو گا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارت پاکستان میں ہونیوالی دہشتگردی میں ملوث ہے، جب افواج پاکستان مشرقی سرحد پر دفاع میں مصروف تھیں تو خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں بھارتی سرپرستی میں دہشتگردی میں غیر معمولی اضافہ ہوا جو اس بات کا ناقابل تردید ثبوت ہے کہ بھارت پاکستان میں اپنی پراکسیز کے ذریعے دہشتگردی کو فروغ دے رہا ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری کا کہنا تھا کہ پاکستان نے بھارت کے خلاف فتح گائیڈڈ میزائل ون اور ٹو کا استعمال کیا، بھارتی میڈیا نے پاکستان کی جانب سے بھارتی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی تصدیق کی، عالمی میڈیا نے بھی بھارتی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی تصدیق کی، ساری دنیا نے بھارتی تنصیبات پر پاکستانی حملوں کو رپورٹ کیا۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج نے بھی تسلیم کیا کہ پاک فوج نے ان کی تنصیبات تباہ کیں، بھارتی یا عالمی میڈیا میں کہیں رپورٹ نے ہوا کہ پاکستان نے سول آبادی کو نشانہ بنایا۔
ترجمان پاک فوج نے واضح کیا کہ جنگ بندی کی خواہش بھارت کی تھی، پاکستان نے سیز فائر کی کوئی درخواست نہیں کی، پاکستان کی جانب سے کسی بھی جگہ سیز فائر کی خلاف ورزی نہیں ہورہی۔
پاک نیوی کی تیاری دیکھ کر بھارت نے بحری حملے کی جرات نہیں کی: وائس ایڈمرل رب نواز
پاک نیوی کے وائس ایڈمرل رب نواز نے بتایا کہ دوران جنگ پاک نیوی بھارتی نیوی کی سرگرمیوں پر نظر رکھے ہوئے تھی، 6 اور7 مئی کی درمیانی شب بھارتی جارحیت کا مقابلہ کرنے کیلئے پاک نیوی تیارتھی، پاکستان نیوی نےتمام بندرگاہوں کوآپریشنل رکھا، پاک نیوی کی تیاری دیکھ کر بھارت نے بحری حملے کی جرات نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ نیوی نے بھرپور حکمت عملی کے تحت تجارتی بحری جہازوں کی بحفاظت آمدورفت کو یقینی بنایا، پاکستان نیوی کی تیاری دیکھ کر دشمن کو آگے بڑھنے کی ہمت نہ ہوئی، بھارتی بحری جہاز پاکستانی حدود سے 400 ناٹیکل مائل دور تھا۔
وائس ایڈمرل رب نواز نے مزید بتایا کہ اگلی بار جب بھارت پاکستان کیخلاف کسی بھی جارحیت کا ارادہ کرے تو یاد رکھے کہ ہمارا ردعمل ہمارے الفاظ سے بہت زیادہ ہوتا ہے۔
پاک فضائیہ نے بھارت کے مقابلے میں چھ صفر سے کامیابی حاصل کی: ایئرکموڈور اورنگزیب احمد
ایئرکموڈوراورنگزیب احمد نے بتایا کہ بھارت نےڈرورن طیاروں سےپاکستان کی شہری آبادی کونشانہ بنایا، بھارتی طیاروں نےجارحیت کی توپاک فضائیہ نےحملہ آور طیارے مار گرائے، پاک فضائیہ نے بھارتی فضائیہ کے مقابلے میں چھ صفر سے کامیابی حاصل کی۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارتی ڈرونز سویلینز کی جانب آتے تھے جنہیں مہارت سے گرایا جاتا تھا، پاکستان نے ڈرونز اور بغیر پائلٹ بھارتی طیاروں کا بروقت پتا لگایا، جی پی ایس جامنگ سسٹم سے بھارتی ڈرونز کو گرایا، پاکستان ایئر ڈیفنس سسٹم مضبوط اورمؤثر ہے، ایئرچیف مارشل ظہیر احمد بابر پورے گیم پلان کے پیچھے تھے۔
ایئروائس مارشل اورنگزیب احمد نے بتایا کہ پاک فضائیہ کی جانب سے براہموس میزائلوں کوجام کیا گیا جس سے اس کےٹارگٹ مس ہوئے، بھارت نےآدم پور سے میزائل فائر کیے جو امرتسر میں جاگرے، بھارت کی یہ عجیب بات ہےاس نے اپنی آبادی پرہی میزائل گرائے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاک فضائیہ نےاپنی بھرپورصلاحیت کےذریعے دشمن کو نشانہ بنایا، رافیل گرانے کے بعد ہماری توجہ ایس 400 سسٹم پر گئی، آدم پور میں ایس 400 بیٹری کو احتیاط سے نشانہ بنایا گیا۔