
آج دن بھر سورج آگ برساتا رہا تاہم دن ڈھلتے ہی گہرے بادلوں نے لاہور کے افق پر ڈیرے ڈال لیے ، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش سے گرمی سے مرجھائے شہریوں کے چہرے کھل اٹھے۔
لاہور کے مختلف علاقوں جوہر ٹاؤن، ٹیک سوسائٹی، کینال روڈ، ٹھوکر، اقبال ٹاؤن ، ملتان روڈ، سمن آباد، مال روڈ، ایبٹ روڈ، کلمہ چوک،گارڈن ٹاؤن سمیت مختلف علاقوں میں بارش نے گرمی کی چھٹی کرادی۔
علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت پنجاب کے مختلف شہروں راولپنڈی، مری، سرگودھا، خوشاب، ڈسکہ، نارووال، کامونکی، نارنگ منڈی، فیصل آباد، میانوالی، شیخوپورہ، حافظ آباد، چنیوٹ، جلالپور جٹاں اور دیپالپور میں بھی بارش سے موسم سہانا ہو گیا۔
پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب کے مطابق ساہیوال دوانے والا بلوچاں میں آسمانی بجلی گرنے سے 36 سالہ رمضان نامی شخص جاں بحق ہوا۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے صوبہ بھر کے ڈپٹی کمشنرز اور ریسکیو اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ محکمے الرٹ رہیں،صوبائی کنٹرول روم سمیت تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹرز کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں صورتحال کی مانیٹرنگ 24 گھنٹے جاری ہے،شہری احتیاط کریں بجلی کے کھمبوں اور لٹکتی تاروں سے دور رہیں،آسمانی بجلی سے بچاؤ کیلئے محفوظ مقامات پر رہیں ، خراب موسم اور آسمانی بجلی کی گرج چمک کے دوران کھلے مقامات پر ہر گز نہ رکیں۔