9مئی 2025 کو ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے جوائنٹ پریس کانفرنس میں بین الاقوامی میڈیا کے سامنے بھارتی جھوٹ کا پردہ چاک کیا۔
6 اور7 مئی 2025 کی درمیانی شب پاک فضائیہ اور بھارتی طیاروں کے درمیان پاک بھارت تاریخ کا طویل معرکہ ہوا، ایک گھنٹے سے زیادہ وقت پر محیط اس فضائی جنگ کے دوران پاک فضائیہ کے شاہنیوں نے 5 بھارتی طیارے مار گرائے،تباہ کئے جانے والے بھارتی طیاروں میں 3 جدید رافیل طیارے، 1 مگ 29 اور ایک SU-30 شامل تھے۔
بھارت نے روایتی ہٹ دھرمی اور جھوٹ کا سہارا لیتے ہوئے طیارے گرنے کی خبر سے انکار کیا، کچھ بھارتی میڈیا چینلز نے طیارے گرنے کی خبروں کی تصدیق کی جو بعد میں مودی سرکار نے ہٹوا دیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر اور سینئر ایئر فورس آفیسر نے مشترکہ پریس کانفرنس میں بھارتی رافیل طیارے گرانے کے ناقابلِ تردید ثبوت پیش کئے، ثبوتوں میں بھارتی طیاروں کے نمبرز اور تباہ ہونے کی لوکیشنز بھی دکھائی گئیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے بتایا کہ بھارت کے مطابق ہمارا کوئی طیارہ نہیں گرا جبکہ بھارتی میڈیا خود طیارہ گرنے کی خبروں کی تصدیق کررہا ہے ، طیارہ گرنے کی پہلی خبر "انڈیا ٹوڈے" نے جموں کشمیر کے علاقے پامپور سے دی ، انڈیا ٹوڈے نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے 3 علاقوں میں طیارے گرنے کی تصدیق کی۔
انہوں نے فوٹیجز دکھاتے ہوئے کہا کہ بھارتی فضائیہ کے طیارے گرنے کی فوٹیجز میں طیاروں کا ملبہ بخوبی دیکھا جا سکتا ہے ، گرائے جانے والے طیارے کی "ٹیل" بھارتی 17 گولڈن ایرو اسکاڈرن کے رافیل BS-001طیارے کی ہے، فوٹیج میں تباہ ہونے والے طیارے کے انجن کو بھی دکھایا گیا ہے جو بھارتی طیارے کا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم 21ویں صدی میں رہ رہے ہیں نہ کہ 18ویں صدی میں، ہر چیز اپنا نشان چھوڑ جاتی ہے۔
بی بی سی کے نمائندے نے مقبوضہ جموں وکشمیر سے رپورٹنگ کرتے ہوئے کہا کہ"پامپور کے علاقے میں رات کو دھماکے کی آواز سنی گئی ، جو طیارہ گرنے کی تھی "ایسا ہی ایک اور دھماکا جموں کے رام بن کے علاقے میں بھی ہوا۔
بھارتی صحافی پراوین سواہنے نے بھی 6 اور 7 مئی کی رات جموں و کشمیر میں بھارتی فضائیہ کے 3 جیٹ طیاروں کی تباہی کے شواہد دیے۔
پراوین سواہنے نے کہا کہ "انڈین ایکسپریس اور دی ہندو اخبار" نے بھٹنڈا کے قریب ایک اور بھارتی طیارہ گرنے کی خبر دی ، "دی ہندو" نے 40 منٹ کے بعد بھٹنڈا کے قریب طیارہ گرنے کی خبر ہٹا دی۔
یہی نہیں بھارتی صحافی پراوین سواہنے اور کرن تھاپر کو معروف بھارتی میڈیا پلیٹ فارم "دی وائر" کے پروگرام میں سچ بولنے پر بلاک کر دیا گیا،پاک فضائیہ نے دفاعی کارروائیاں پاکستان کی خودمختاری کا تحفظ کرتے ہوئے سر انجام دیں۔