
امریکی صحافی نک رابرٹسن نے کہا ہے کہ کئی دنوں سے عالمی طاقتیں پاکستان اور بھارت میں سیز فائر کی کوششیں کررہی تھیں،پاکستان کے حملے نے سیز فائر کے لئے راہ ہموار کی،رات کو بھارت نے پاکستان کے تین فضائی اڈوں پر حملے کئے تھے۔
نک رابرٹسن کا کہنا تھا کہ فضائی اڈوں پر حملوں کے جواب میں پاکستان نے شدید ردعمل دیا، پاکستان نے جواب میں بھارت پر میزائلوں کی بارش کردی اور بھرپور حملہ کیا، پاکستانی میزائلوں نے بھارت کی دفاعی تنصیبات کو بری طرح نشانہ بنایا۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے حملے کے بعد امریکی سیکرٹری خارجہ مارکو روبیو میدان میں آئے، پاکستانی حملوں نے بھارت کو مذاکرات کی میز پر آنے پر مجبور کیا، امریکی سیکرٹری خارجہ کو بھارت کی جانب سے کال کی گئی،سیکرٹری مارکو نے پاکستانی حکام سے سیز فائر پر بات کی۔
اس حوالے سے برطانوی صحافی کا کہنا تھا کہ بھارت نے پاکستان کی فضائی برتری کو تسلیم کر لیا، حالیہ جنگ میں پاکستان ایک فاتح کے طور پر سامنے آیا ہے، پاک فوج بھارت کی جارحیت کو ناکام بنانے میں کامیاب ہوئی،پاک فوج کو پوری پاکستانی عوام کی حمایت حاصل ہے۔
صحافی نے مزید کہا کہ جنگ بندی کے بعد صدر ٹرمپ خود کو امن ساز کے طور پر پیش کر رہے ہیں، امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو جنگ بندی کو اپنی پہلی سفارتی کامیابی کا دعویٰ کر سکتے ہیں۔
خیال رہے کہ بھارت نے پہلگام فالس فلیگ کی آڑ میں 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب میزائلوں سے پاکستان کے مختلف شہروں کو نشانہ بنایا جس میں 26 پاکستانی شہید اور 46 زخمی ہوئے تھے، اس کے بعد بھارت نے ڈرون حملوں کے ذریعے پاکستان کے مختلف شہروں میں جاسوسی کی کوشش کی جو افواج پاکستان نے ناکام بنادی اور جوابی کارروائی میں بھارت کے رافیل طیاروں سمیت 5 جہاز گرادیئے۔
پاکستان کی جانب سے متعدد بار وارننگ کے باوجود بھارت کا جنگی جنون کم نہ ہوا اور گزشتہ شب بھارت نے پاکستان کی ایئربیسز کو نشانہ بنانے کی کوشش کی جو پاکستان نے ناکام بنادی۔
بھارتی حملوں کے جواب میں پاکستان نے آپریشن بنیان المرصوص لانچ کیا جس میں بھارت کو بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑا بعدازاں امریکا کی ثالثِی میں دونوں ممالک کے درمیان سیز فائر ہو گیا۔