بارش کہاں کہاں ہو گی؟محکمہ موسمیات نے بتادیا
Pakistan Weather Forecast
فائل فوٹو
اسلام آباد:(ویب ڈیسک) محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز میں ملک کے مختلف حصوں میں موسلادھار بارش، ژالہ باری اور تیز ہواؤں کے خدشے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے 12 مئی تک ملک کے بیشتر علاقوں میں آندھی، جھکڑ، ژالہ باری، گرج چمک اور موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔

اسلام آباد و گرد و نواح

اسلام آباد میں آج موسم جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ بعض نواحی مقامات پر ژالہ باری کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے، جس سے ہلکی تا معتدل سردی محسوس ہو سکتی ہے۔

کشمیر، شمال و مشرقی پنجاب، خیبرپختونخوا

کشمیر کے علاقوں میں بعض مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری متوقع ہے۔ شمال اور مشرقی پنجاب کے اضلاع بشمول مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، تلہ گنگ، میانوالی، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، شیخوپورہ، جھنگ، ملتان اور ڈی جی خان میں مطلع جزوی ابرآلود رہتے ہوئے بادل پھٹنے کا امکان ہے۔ چند مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔

خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم ابر آلود رہے گا۔ چترال، شانگلہ، دیر، سوات، مالاکنڈ، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، پشاور، باجوڑ، صوابی، مردان، چارسدہ، خیبر، کرک، لکی مروت، بنوں، کوہاٹ، ہنگو، وزیرستان اور کرم میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔ چند مقامات پر ژالہ باری کا امکان بھی ہے۔

بلوچستان

بلوچستان کے شمالی علاقے خشک اور خنک رہنے کے بعد جنوبی و وسطی حصوں میں گرم اور خشک موسم کا سلسلہ جاری رہے گا۔ آج صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، جب کہ بارش کا کوئی خاص امکان نہیں۔

سندھ

سندھ کے اضلاع عمرکوٹ، تھرپارکر، سکھر، لاڑکانہ، دادو اور میرپورخاص میں چند مقامات پر تیز ہوائیں چلنے کے ساتھ گرج چمک اور بارش متوقع ہے۔ دیگر علاقوں میں موسم جزوی ابر آلود مگر خشک رہے گا۔

کراچی

شہر قائد اور اس کے مضافات میں آج ہلکی بارش اور آندھی کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ درجہ حرارت 35⁰ سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے اور ہوا میں نمی کا تناسب 65 تا 75 فیصد کے درمیان متوقع ہے۔

گلگت بلتستان و کشمیر

گلگت بلتستان اور کشمیر کے بالائی مقامات میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے، جبکہ چند مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔