پاک بھارت کشیدگی، آرمی چیف کا ایئرہیڈکوارٹر کا دورہ، فضائیہ کے کردار کی تعریف
چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے پاک فضائیہ کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا ہے۔
آرمی چیف کی ایئر چیف سے ملاقات
اسلام آباد: (سنو نیوز) چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے پاک فضائیہ کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر کی ایئر ہیڈکوارٹر آمد پر چیف آف ایئر سٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے ان کا گرم جوشی سے استقبال کیا۔

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے چیف آف ایئر اسٹاف اور ایئر فورس کے شاہینوں کو بھارتی فضائیہ کی طرف سے کی جانے والی جارحیت کے مذموم منصوبے کو فوراً ناکام بنانے پر خراج تحسین پیش کیا۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے بتایا گیا کہ آرمی چیف نے پاکستان ایئر فورس کو ایک بار پھر دشمن کے متعدد جہاز مار گرانے اور اپنا لوہا منوانے پر بے حد سراہا، آرمی چیف نے تینوں سروسز کے مابین بہترین تعاون کو بھی سراہا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے ملاقات کے دوران اس عزم کو دہرایا کہ کسی کو بھی پاکستان کی جغرافیائی سالمیت کی خلاف ورزی نہیں کرنے دی جائے گی اور جو بھی اس کی کوشش کرے گا اس کی قیمت ادا کرے گا۔