عمران خان کی ضمانت کی درخواستیں سماعت کیلئے مقرر
لاہور ہائیکورٹ نے عمران خان کی جانب سے 9 مئی کے واقعات کے حوالے سے دائر کیے گئے 8 مقدمات میں ضمانت کی درخواستیں سماعت کے لیے مقرر کر دیں
بانی چئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) و سابق وزیراعظم عمران خان/ فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی و سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے 9 مئی کے واقعات کے حوالے سے دائر کیے گئے 8 مقدمات میں ضمانت کی درخواستیں سماعت کے لیے مقرر کر دیں، ان مقدمات کی سماعت 8 مئی 2025 کو ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ، جس میں جسٹس شہباز رضوی اور جسٹس طارق سلیم باجوہ شامل ہیں، عمران خان کی درخواستوں پر سماعت کرے گا۔ اس سلسلے میں ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس نے باقاعدہ کاز لسٹ جاری کر دی ہے، جس میں ان تمام درخواستوں کو سماعت کے لیے شامل کیا گیا ہے۔

عمران خان نے 9 مئی کے روز مختلف مقدمات میں اپنے خلاف درج ایف آئی آرز پر حفاظتی ضمانت کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا۔ ان مقدمات کا تعلق ان پر لگنے والے الزامات سے ہے جو 9 مئی 2023 کو ملک بھر میں پرتشدد مظاہروں، سرکاری و عسکری تنصیبات پر حملوں، اور بدامنی پھیلانے کے تناظر میں درج کیے گئے تھے۔

عدالت نے پراسیکیوشن کو ہدایت دی ہے کہ وہ سماعت کے روز اپنے حتمی دلائل کے ساتھ عدالت میں پیش ہو، تاکہ ان درخواستوں پر فیصلہ کیا جا سکے۔ قانونی ماہرین کے مطابق یہ مقدمات عمران خان کے لیے قانونی طور پر انتہائی اہم ہیں، کیونکہ ان میں ملنے والی ضمانت یا اس کی عدم دستیابی، ان کے مستقبل کے سیاسی کردار پر براہِ راست اثر ڈال سکتی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کے وکلا کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ان مقدمات میں اُن کا براہِ راست کوئی تعلق ثابت نہیں ہوتا اور ان کا مقصد سیاسی انتقام ہے۔ تاہم پراسیکیوشن کا مؤقف ہے کہ ان مقدمات میں سنگین نوعیت کے الزامات شامل ہیں جن کی مکمل تحقیقات ہونا ضروری ہیں۔